اللہ سے انبیاء کی استعانت
یعنی پیغمبروں نے خدا سے مدد مانگی اور فیصلہ چاہا۔ چنانچہ نوحؑ نے کہا تھا فَافۡتَحۡ بَیۡنِیۡ وَ بَیۡنَہُمۡ فَتۡحًا وَّ نَجِّنِیۡ (الشعراء۔۱۱۸) الخ لوطؑ نے کہا رَبِّ نَجِّنِیۡ وَ اَہۡلِیۡ مِمَّا یَعۡمَلُوۡنَ (الشعراء۔۱۶۹) شعیبؑ نے عرض کیا رَبَّنَا افۡتَحۡ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَ قَوۡمِنَا بِالۡحَقِّ (اعراف۔۸۹) موسٰیؑ نے دعا کی رَبَّنَاۤ اِنَّکَ اٰتَیۡتَ فِرۡعَوۡنَ وَ مَلَاَہٗ (یونس۔۸۸) الخ اور کفار نے بھی جب دیکھا کہ اتنی طویل مدت سےعذاب کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن اس کے آثار کچھ نظر نہیں آتے تو استہزاء و تمسخر سےکہنے لگے رَبَّنَا عَجِّلۡ لَّنَا قِطَّنَا قَبۡلَ یَوۡمِ الۡحِسَابِ (صٓ۔۱۶) اور اللّٰہُمَّ اِنۡ کَانَ ہٰذَا ہُوَ الۡحَقَّ مِنۡ عِنۡدِکَ فَاَمۡطِرۡ عَلَیۡنَا حِجَارَۃً مِّنَ السَّمَآءِ اَوِ ائۡتِنَا بِعَذَابٍ اَلِیۡمٍ (انفال۔۳۲) یہ تو قریش کے مقولے ہیں ، قوم نوحؑ نے کہا تھا فَاۡتِنَا بِمَا تَعِدُنَاۤ (ہود۔۳۲)۔ قوم شعیبؑ نے کہا فَاَسۡقِطۡ عَلَیۡنَا کِسَفًا (الشعراء۔۱۸۷) وغیرہ ذٰلک۔ غرض دونوں طرف سے فیصلہ کی جلدی ہو نے لگی۔
یعنی پیغمبروں کا خدا کو پکارنا تھا کہ مدد آئی اور ہر ایک سرکش اور ضدی نامراد ہو کر رہ گیا۔ جو کچھ خیالات پکا رکھے تھے ، ایک ہی پکڑ میں کافور ہو گئے نہ وہ رہے نہ ان کی توقعات رہیں۔ ایک لمحہ میں سب کا خاتمہ ہوا۔