دوزخیوں کا پانی
یعنی خوشی سےکہاں پی سکیں گے ۔ حدیث میں ہے کہ فرشتے لوہے کے گزر سر پر مار کر زبردستی منہ میں ڈالیں گے جس وقت منہ کے قریب کریں گے شدت حرارت سے دماغ تک کی کھال اتر کر نیچے لٹک پڑے گی ، منہ میں پہنچ کر گلے میں پھنسے گا ، بڑی مصیبت اور تکلیف کے ساتھ ایک ایک گھونٹ کر کے حلق سے نیچے اتاریں گے پیٹ میں پہنچنا ہو گا کہ آنتیں کٹ کر باہر آ جائیں گی۔ وَ سُقُوۡا مَآءً حَمِیۡمًا فَقَطَّعَ اَمۡعَآءَہُمۡ (محمد۔۱۵) وَ اِنۡ یَّسۡتَغِیۡثُوۡا یُغَاثُوۡا بِمَآءٍ کَالۡمُہۡلِ یَشۡوِی الۡوُجُوۡہَ (کہف۔۲۹) (اعاذنا اللہ منہا وسائر المومنین)۔
دوزخ کے سخت احوال
یعنی اس کا پینا کیا ہوگا ہر طرف سے موت کا سامنا کرنا ہو گا ، سر سے پاؤں تک ہر عضو بدن پر سکرات موت طاری ہوں گے ، شش جہت سےمہلک عذاب کی چڑھائی ہو گی ۔ اس زندگی پر موت کو ترجیح دیں گے ۔ لیکن موت بھی نہیں آئے گی۔ جو سب تکلیفوں کا خاتمہ کر دے ۔ ایک عذاب کے پیچھے دوسرا تازہ عذاب آٹا رہے گا۔ کُلَّمَا نَضِجَتۡ جُلُوۡدُہُمۡ بَدَّلۡنٰہُمۡ جُلُوۡدًا غَیۡرَہَا لِیَذُوۡقُوا الۡعَذَابَ (نساء۔۵۶) ثُمَّ لَا یَمُوۡتُ فِیۡہَا وَ لَا یَحۡیٰی (اعلیٰ ۔۱۳) سچ ہے اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے ۔ اَللّٰھُمَّ احْفَظْنَا ۔