چٹیل وادی میں حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کو چھوڑنا
یعنی اسمٰعیلؑ کو ۔ کیونکہ دوسری اولاد حضرت اسحٰقؑ وغیرہ "شام" میں تھے خدا تعالیٰ کےحکم سے آپ حضرت اسمٰعیلؑ کو بحالت شیر خوارگی اور ان کی والدہ ہاجرہؑ کو یہاں چٹیل میدان میں چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔ بعدہٗ قبیلہ جرہم کےکچھ لوگ وہاں پہنچے ، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے حضرت اسمٰعیلؑ کی تشنگی اور ہاجرہ کی بیتابی کو دیکھ کر فرشتے کے ذریعہ سے وہاں زمزم کا چشمہ جاری کر دیا۔ جرہم کے خانہ بدوش لوگ پانی دیکھ کر اتر پڑے اور ہاجرہؑ کی اجازت سے وہیں بسنے لگے اسمٰعیلؑ جب بڑے ہوئے تو اسی قبیلہ میں ان کی شادی ہوئی۔ اس طرح جہاں آج مکہ ہے ایک بستی آباد ہو گئ ۔ حضرت ابراہیمؑ گاہ بگاہ ملک شام سے تشریف لایا کرتے تھے ۔ اور اس شہر اور شہر کے باشندوں کے لئے دعا فرماتے ، کہ خدا وندا! میں نے اپنی ایک اولاد کو اس بنجر اور چٹیل آبادی میں تیرے حکم سےتیرے معظم و محترم گھر کے پاس لا کر بسایا ہے تا یہ اور اس کی نسل تیرا اور تیرے گھر کا حق ادا کریں تو اپنے فضل سے کچھ لوگوں کے دل ادھر متوجہ کر دے کہ وہ یہاں آئیں جس سے تیری عبادت ہو اور شہر کی رونق بڑھے ، نیز ان کی روزی اور دلجمعی کے لئے غیب سے ایسا سامان فرما دے کہ (غلہ اور پانی جو ضروریات زندگی ہیں ان سے گذر کر) عمدہ میوے اور پھلوں کی یہاں افراط ہو جائے تاکہ یہ لوگ اطمینان قلب کےساتھ تیری عبادت اور شکر گذاری میں لگے رہیں۔ حضرت ابراہیمؑ کی دعاؤں کی قبولیت: حق تعالیٰ نے یہ سب دعائیں قبول فرمائیں ۔ آج تک ہر سال ہزاروں لاکھوں آدمی مشرق و مغرب سے کھنچ کھنچ کر وہاں جاتےہیں اعلیٰ قسم کے میوے او رپھلوں کی مکہ میں وہ افراط ہے جو شاید نیا کے کسی حصہ میں نہ ہو ۔ حالانکہ خود مکہ میں ایک بھی ثمردار درخت موجود نہ ہوگا۔ بعض سلف سے منقول ہے کہ ابراہیمؑ نے دعاء میں اَفْئِدَۃً مِّنَ النَّاسِ (کچھ آدمیوں کے دل) کہا تھا ورنہ سارا جہان ٹوٹ پڑتا۔