پچھلی قوموں کا علم صرف اللہ کو ہے
یہ موسیٰؑ کے کلام کا تتمہ ہے۔ یا اسے چھوڑ کر حق تعالیٰ نے اس امت کو خطاب فرمایا ہے بہرحال اس میں بتلایا کہ جو بے شمار قومیں پہلےگذر چکیں ان کے تفصیلی پتے اور احوال بجز خدا کےکسی کو معلوم نہیں البتہ چند قومیں جو عرب والوں کے یہاں زیادہ مشہور تھیں ان کے نام لے کر اور بقیہ کو وَ الَّذِیۡنَ مِنۡۢ بَعۡدِہِمۡ میں درج کر کے متنبہ فرماتے ہیں کہ ان اقوام کا جو کچھ حشر ہوا کیا وہ تم کو نہیں پہنچا۔ تعجب ہے اتنی قومیں پہلے تباہ ہو چکیں اور ان کے حال سے ابھی تک تمہیں عبرت حاصل نہ ہوئی۔ (تنبیہ) ابن عباس نے لَا یَعۡلَمُہُمۡ اِلَّا اللّٰہُ کو پڑھ کر فرمایا کَذِبَ النَّسَّابُوْنَ یعنی انساب کی پوری معرفت کا دعویٰ رکھنے والے جھوٹے ہیں ۔ عروۃ بن الزبیر فرماتے ہیں کہ ہم نے کسی کو نہیں پایا جو معد بن عدنان سے اوپر (تحقیقی طور پر) نسب کا حال بتاتا ہو۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔
کفار کی انبیاء کے ساتھ بد سلوکی
یعنی کفار فرط غیظ سے اپنے ہاتھ کاٹنے لگے جیسے دوسری جگہ ہے عَضُّوۡا عَلَیۡکُمُ الۡاَنَامِلَ مِنَ الۡغَیۡظِ (آل عمران۔۱۱۹) یا انیباء کی باتیں سن کر فرط تعجب سے ہاتھ منہ پر رکھ لئے ، یا ہاتھ منہ کی طرف لے جا کر اشارہ کیا بس چپ رہئے ، یا ہماری اس زبان سے اس جواب کے سوا کوئی توقع نہ رکھو ، جو آگے آ رہا ہے۔ یا پیغمبر کی باتیں سن کر ہنستے تھے اور کبھی ہنسی کے دبانے کو منہ پر ہاتھ رکھ لیتے تھے اور یہ بھی ممکن ہے کہ اَیۡدِیَہُمۡ کی ضمیر کفار کی طرف اور اَفْوَاھِھِمْ کی "رُسُل" کی طرف راجع ہو ، یعنی ملعونوں نے اپنے ہاتھ پیغمبروں کے منہ میں اڑا دئے کہ وہ بالکل بول نہ سکیں یا دونوں ضمیریں "رسل" کی طرف ہوں ، یعنی سخت گستاخانہ طور پر انبیاء کے ہاتھ پکڑ کر انہیں کے منہ میں ٹھونس دئے بعض کے نزدیک یہاں "ایدی" سے مراد نعمتیں ہیں یعنی جو عظیم الشان نعمتیں انبیاء نے پیش کی تھیں مثلاً شرائع الہٰیہ وغیرہ ناقدری سے انہیں کی طرف لوٹا دیں۔ کسی کو قبول نہ کیا جیسے ہمارے محاورات میں کہتے ہیں کہ میں نے فلاں شخص کی چیز اس کے منہ پر ماری۔ بہرحال کوئی معنی لئے جائیں سب کا حاصل یہ ہے کہ انہوں نے نعمت خداوندی کی ناقدری کی اور انبیاء علیہم السلام کی دعوت قبول نہ کی ان کےساتھ بڑی بے رخی بلکہ گستاخی سے پیش آئے۔