آدم میں اللہ کی روح پھونکنے کا مطلب
یعنی آدم کا پتلا ٹھیک کر کے اس قابل کردوں کہ روح انسانی فائض کی جاسکے پھر اس میں جان ڈال دوں جس سے ایک جماد انسان بن جاتا ہے ، اس وقت تم کو حکم دیا جاتا ہے کہ سب سجدہ میں گر پڑو (تنبیہ) "روح" (جان) کی اضافت جو اپنی طرف کی ، یہ محض تشریف و تکریم اور روح انسانی کا امتیاز ظاہر کرنے کے لئے ہے ۔ یعنی وہ خاص "جان" جس میں نمونہ ہے میری صفات (علم و تدبیر وغیرہ) کا ، اور جو اصل فطرت سے مجھے یاد کرنے والی اور بسبب خصوصی لطافت کے مجھ سے نسبۃً علاقہ رکھنے والی ہے۔ امام غزالیؒ نےدوسرے عنوان سے اس اضافت پر روشنی ڈالی ہے فرماتے ہیں اگر آفتاب کو قوت گویائی مل جائے اور وہ کہے کہ میں نے اپنے نور کا فیص زمین کو پہنچایا ، تو کیا یہ لفط (اپنا نور) غلط ہو گا ؟ جب یہ کہنا صحیح ہے حالانکہ نہ آفتاب زمین میں حلول کرتا ہے نہ اس کا نور اس سے جدا ہوتا ہے ، بلکہ زمین سے لاکھوں میل دور رہ کر بھی روشنی کی باگ اسی کے قبضہ میں ہے ، زمین کا کچھ اختیار نہیں چلتا۔ بجز اس کے کہ اس سے بقدر اپنی استعداد کے نفع حاصل کرتی رہے ، تو وراء الوراء خدا کا یہ فرمانا کہ میں نے آدم میں اپنی روح پھونکی ، حلول و اتحاد وغیرہ کی دلیل کیسے بن سکتی ہے ۔ "روح" کے متعلق مناسب کلام انشاء اللہ آئندہ وَ یَسۡـَٔلُوۡنَکَ عَنِ الرُّوۡحِ ؕ قُلِ الرُّوۡحُ مِنۡ اَمۡرِ رَبِّیۡ (بنی اسرائیل۔۸۵) میں کیا جائے گا۔