حضرت لوط علیہ السلام اور فرشتے
یا تو یہ مطلب تھا کہ تم مجھے غیر معمولی سے آدمی معلوم ہوتے ہو ، جنہیں دیکھ کر خواہ مخواہ دل کھٹکتا ہے ۔ یہ شاید ویسا ہی کھٹکا ہو گا۔ جو ابراہیمؑ کے دل میں پیدا ہوا تھا۔ یا یہ غرض ہو کہ تم اس شہر میں اجنبی ہو ، تم کو یہاں کےلوگوں کی خوئے بد معلوم نہیں دیکھئے وہ تمہارے ساتھ کیا سلوک کریں، یا یہ اس وقت فرمایا جب لوگوں نے فرشتوں کو حسین لڑکے سمجھ کر لوطؑ کے مکان پر چڑھائی کی۔ لوطؑ انہیں مہمان سمجھتے ہوئے امکانی مدافعت کرتے رہے حتٰی کہ آخر میں نہایت حسرت سے فرمایا لَوۡ اَنَّ لِیۡ بِکُمۡ قُوَّۃً اَوۡ اٰوِیۡۤ اِلٰی رُکۡنٍ شَدِیۡدٍ (ہود۔۸۰) اس وقت تنگ ہو کر اور گھبرا کر ان مہمانوں سے کہنے لگےکہ تم عجیب طرح کے آدمی معلوم ہوتے ہو۔ میں تماری آبرو بچانے کے لئے خون پسینہ ایک کر رہا ہوں لیکن تم میری امداد کے لئے ذرا ہاتھ بھی نہیں ہلاتے۔