مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ حجر آیت 75 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

إِنَّ فِى ذَٰلِكَ لَـَٔايَـٰتٍ لِّلْمُتَوَسِّمِينَ ﴿٧٥﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اہل فراست کے لئے نشانیاں

"متوسم" اصل میں اس شخص کو کہتے ہیں جو بعض ظاہری علامات و قرائن دیکھ کر محض فراست سے کسی پوشیدہ بات کا پتہ لگا لے۔ حدیث میں ہے اِتَّقُوْا فِرَاسَتَہ الْمُؤْمِنِ فَاِنَّہٗ یَنْظُرُ بِنُوْرِاللّٰہِ بعض روایات میں وَبِتَوْفِیْقِ اللّٰہِ کی زیادت ہے ۔ یعنی مومن کی فراست سے ڈرتے رہو ، وہ خدا تعالیٰ کے عطا کئے ہوئے نور توفیق سے دیکھتا ہے۔ شاید "کشف" اور "فراست" میں بقول امیر عبدالرحمٰن خان مرحوم اتنا ہی فرق ہو جتنا ٹیلیفون اور ٹیلیگراف میں ہوتا ہے۔ بہرحال آیت کا مطلب یہ ہے کہ دھیان کرنے اور پتہ لگانے والوں کے لئے "قوم لوطؑ" کے قصہ میں عبرت کے بہت نشان موجود ہیں ۔انسان سمجھ سکتا ہے کہ بدی اور سرکشی کا انجام کیسا ہوتا ہے ۔ خدا کی قدرت عظیمہ کے سامنے ساری طاقتیں ہیچ ہیں۔ "اس کی لاٹھی میں آواز نہیں" اس کی مہلت پر آدمی مغرور نہ ہو ، نہ پیغمبروں کے ساتھ ضد اور عداوت باندھے ، ورنہ ایسا ہی حشر ہو گا۔ وغیرہ ذٰلک۔