یعنی فرشتوں کی جنس میں سے بعض کو جیسے حضرت جبریلؑ یا حفظۃ الوحی ، جن کی طرف فَاِنَّہٗ یَسۡلُکُ مِنۡۢ بَیۡنِ یَدَیۡہِ وَ مِنۡ خَلۡفِہٖ رَصَدًا (جن۔۲۷) میں اشارہ کیا ہے۔
یہاں "روح" سے مراد وحی الہٰی ہے جو خدا کی طرف سے پیغمبروں کی طرف غیر مرئی طریق پر بطور ایک بھید کے آتی ہے ۔ چنانچہ دوسری جگہ فرمایا یُلۡقِی الرُّوۡحَ مِنۡ اَمۡرِہٖ عَلٰی مَنۡ یَّشَآءُ مِنۡ عِبَادِہٖ (المومن۔۱۵) ایک جگہ قرآن کی نسبت فرمایا وَ کَذٰلِکَ اَوۡحَیۡنَاۤ اِلَیۡکَ رُوۡحًا مِّنۡ اَمۡرِنَا (شوریٰ۔۵۲)۔ قرآن یا وحی الہٰی کو "روح" سے تعبیر فرمانے میں یہ اشارہ ہے کہ جس طرح مادی اجسام کو نفخ روح سے ظاہری حیات حاصل ہوتی ہے ، اسی طرح جو قلوب جہل و ضلال کی بیماریوں سے مردہ ہو چکےتھے وہ وحی الہٰی کی روح پا کر زندہ ہوجاتے ہیں۔
انبیاء کی بعثت
وہ بندے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام ہیں۔ جن کو خدا تعالیٰ ساری مخلوق میں سے اپنی حکمت کے موافق اپنے کامل اختیار سے چن لیتا ہے ۔ اَللّٰہُ اَعۡلَمُ حَیۡثُ یَجۡعَلُ رِسَالَتَہٗ (انعام۔۲۴) اَللّٰہُ یَصۡطَفِیۡ مِنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ رُسُلًا وَّ مِنَ النَّاسِ (الحج۔۷۵)۔
یعنی توحید کی تعلیم ، شرک کا رد اور تقویٰ کی طرف دعوت ، یہ ہمیشہ سے تمام انبیاء علیہم السلام کا مشترکہ و متفقہ نصب العین (مشن) رہا ہے ۔ گویا اثبات توحید کی یہ نقلی دلیل ہوئی۔ آگے عقلی دلائل بیان کی جاتی ہیں۔