اللہ کے لئے بیٹیوں کی نسبت
یعنی رسمی ننگ و عار کے تصور سے کہ لڑکی زندہ رہی تو کسی کو داماد بنانا پڑے گا۔ لوگوں کو منہ دکھانا نہیں چاہتا ادھر ادھر چھپتا پھرتا ہے۔
لڑکیوں کو زندہ گاڑنا
یعنی شب و روز ادھیڑ بن میں لگا ہوا ہے اور تجویزیں سوچتا ہے کہ دنیا کی عار قبول کر کے لڑکی کو زندہ رہنے دے یا زمین میں اتار دے ، یعنی ہلاک کر ڈالے۔ جیسا کہ جاہلیت میں بہت سے سنگدل لڑکیوں کو مار ڈالتے تھے یا زندہ زمین میں گاڑ دیتے تھے۔ اسلام نے آ کر اس رسم قبیح کو مٹایا اور ایسا قلع قمع کیا کہ اسلام کے بعد سارے ملک میں اس بے رحمی کی ایک مثال بھی پیش نہیں کی جا سکتی بعض نے اَیُمْسِکُہٗ عَلٰی ھُوْنٍ کے معنی یوں کئے ہیں۔ "روکے رکھے لڑکی کو ذلیل و خوار کر کے" یعنی زندہ رہنے کی صورت میں ایسا ذلیل معاملہ کرے گویا وہ اس کی اولاد ہی نہیں ۔ بلکہ آدمی بھی نہیں۔
لڑکیوں کے متعلق جو ظالمانہ فیصلہ انکا تھا اس سے زیادہ بڑا فیصلہ یہ ہے کہ خدا کے لئے اولاد تجویز کریں ، پھر اولاد بھی "اناث" جس سے خود اتنا گھبراتے ہیں ۔ گویا اچھی چیز ان کے لئے اور ناقص خدا کے لئے ہے (العیاذ باللہ)۔