کفار اور انکے جھوٹے معبود
یعنی ہم تو ان کی بدولت مارے گئے ۔ شاید مطلب ہو کہ ہم بذات خود بے قصور ہیں ، یا یہ کہ انہیں دوہری سزا دیجئے۔
باطل معبودوں کا جواب
یعنی جھوٹے ہو جو ہم کو خدا کا شریک ٹھہرا لیا۔ ہم نے کب کہا تھا کہ ہماری عبادت کرو۔ فی الحقیقت تم محض اپنے اوہام و خیالات کو پوجتے تھے جس کے نیچے کوئی حقیقت نہ تھی ، یا جن و شیاطین کی پرستش کرتے تھے ۔ مگر وہاں شیطان بھی یہ کہہ کر الگ ہو جائے گا۔ وَ مَا کَانَ لِیَ عَلَیۡکُمۡ مِّنۡ سُلۡطٰنٍ اِلَّاۤ اَنۡ دَعَوۡتُکُمۡ فَاسۡتَجَبۡتُمۡ لِیۡ ۚ فَلَا تَلُوۡمُوۡنِیۡ وَ لُوۡمُوۡۤا اَنۡفُسَکُمۡ (ابراھیم۔۲۲) غرض جن چیزوں کو مشرکین نے معبود بنا رکھا تھا ، سب اپنی علیحدگی اور بیزاری کا اظہار کریں گے ، کوئی سچ کوئی جھوٹ ، پتھر کے بتوں کو تو سرے سے کچھ خبر ہی نہ تھی۔ ملائکہ اور بعض انبیاء و صالحین ہمیشہ شرک سے سخت نفرت و بیزاری اور اپنی خالص بندگی کا اظہار کرتے رہے۔ رہ گئے شیاطین سو ان کا اظہار نفرت گو جھوٹ ہو گا ، تاہم اس سے مشرکین کو کلی طور پر مایوسی ہو جائے گی کہ آج بڑے سے بڑا رفیق بھی کام آنے والا نہیں۔