مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ نحل آیت 9 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَعَلَى ٱللَّهِ قَصْدُ ٱلسَّبِيلِ وَمِنْهَا جَآئِرٌ ۚ وَلَوْ شَآءَ لَهَدَىٰكُمْ أَجْمَعِينَ ﴿٩﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

باطنی سیاحت

پہلے ذکر فرمایا تھا کہ تم حیوانات کی پیٹھ پر سوار ہوتے ہو اور وہ تم کو مع سامان و اسباب کے سخت اور کٹھن منزلیں طے کرا کر منزل مقصود پر پہنچا دیتے ہیں۔ یہ بدنی اور حسی سیر و سفر کا حال ہوا۔ اسی کی مناسبت سے اب روحانی اور معنوی سیروسیاحت کی طرف کلام منتقل ہو گیا ۔ یعنی جس طرح زمینی راستے طے کر کے منزل مقصود تک پہنچتے ہو ، ایسے ہی خدا تک پہنچنے کا سیدھا راستہ بھی کھلا ہوا ہے ۔ جس کی سمجھ سیدھی ہو گی وہ مذکورہ بالا دلائل و بصائر میں غور کر کے حق تعالیٰ کی قدرت اور عظمت و جبروت پر ایمان لائے گا۔ اور توحید و تقوےٰ کی سیدھی راہ چل کر بے کھٹکے خدا تک پہنچ جائے گا ۔ لیکن جس کی عقل سیدھی نہیں ، اسے سیدھی سڑک پر چلنے کی توفیق کہاں ہو سکتی ہے ۔ وہ ہمیشہ اہواء و اوہام کی پیچدار پگڈنڈیوں میں پڑا بھٹکتا رہے گا۔ وَ اَنَّ ہٰذَا صِرَاطِیۡ مُسۡتَقِیۡمًا فَاتَّبِعُوۡہُ ۚ وَ لَا تَتَّبِعُوا السُّبُلَ فَتَفَرَّقَ بِکُمۡ عَنۡ سَبِیۡلِہٖ (انعام ۔۱۵۳) ۔

یعنی خدا کچھ اس بات سےعاجز نہیں تھا کہ ساری دنیا کو ایک ہی راہ پر لگا دیتا ۔ لیکن اس کی حکمت متقضی نہیں ہوئی کہ سب کو ایک ہی ڈھنگ اختیار کرنے پر مجبور کر دے۔ جیسا کہ ہم پہلے متعدد مواقع میں اس کی تشریح کر چکے ہیں۔