مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 101 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَقَدْ ءَاتَيْنَا مُوسَىٰ تِسْعَ ءَايَـٰتٍۭ بَيِّنَـٰتٍ ۖ فَسْـَٔلْ بَنِىٓ إِسْرَٰٓءِيلَ إِذْ جَآءَهُمْ فَقَالَ لَهُۥ فِرْعَوْنُ إِنِّى لَأَظُنُّكَ يَـٰمُوسَىٰ مَسْحُورًا ﴿١٠١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت موسٰی علیہ السلام کے نو معجزے

یعنی جیسے آپ کو فضل و رحمت و قرآن عظیم دیا اور بہت کچھ مہربانیاں آپ پر فرمائیں ، ہم پہلے موسٰیؑ کو صداقت کے نو کھلے ہوئے نشانات (معجزات) ان کے مناسب حال عنایت فرما چکے ہیں۔ جبکہ وہ "بنی اسرائیل" کے پاس فرعون کے مظالم سے نجات دلانے کے لئے تشریف لے گئے تھے۔ اگر چاہو تو "بنی اسرائیل" کے باخبر اور منصف مزاج علماء سے پوچھ دیکھو کہ یہ واقعہ کہاں تک صحیح ہے۔ (تنبیہ) وہ نو معجزات یہ تھے ۔ ید ، عصا، سنین ، نقص ثمرات ، طوفان ، جراد ، قمل ، ضفادع ، دم۔ سورہ اعراف آیت ۱۳۳ فَاَرۡسَلۡنَا عَلَیۡہِمُ الطُّوۡفَانَ وَ الۡجَرَادَ الخ کے فوائد میں ہم اس کی تفصیل کر چکے ہیں ملاحظہ کر لی جائے۔ مسند احمد اور ترمذی وغیرہ کی ایک حدیث میں ہے کہ یہود نے آپ سے "تسع آیات" کے متعلق سوال کیا آپ نے فرمایا وہ یہ احکام ہیں: شرک نہ کرو، چوری نہ کرو ، زنا نہ کرو، ناحق خون مت کرو ، جادو نہ کرو ، سود مت کھاؤ ، بے گناہ کو مت پکڑاؤ کہ حاکم اسے قتل کر دے ، عفیف عورتوں پر تہمت نہ لگاؤ ، جہاد میں سے مت بھاگو۔ نو حکم تو یہ ہوئے جن کے سب لوگ مخاطب ہو سکتے ہیں ۔ دسواں حکم (اے یہود) تمہارے لئے مخصوص تھا کہ سبت (شنبہ) کے دن حد سے نہ گزرو ۔ یہود نے سن کر آپ کی تصدیق کی ۔ حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ لکھتے ہیں کہ اس حدیث میں نکارت ہے جو غالبًا اس کے راوی عبداللہ بن سلمہ کی طرف سے آئی ہے ۔ قرآن کا نظم و سیاق ہرگز اس کو نہیں چاہتا کہ وَ لَقَدۡ اٰتَیۡنَا مُوۡسٰی تِسۡعَ اٰیٰتٍۭ الخ سے مراد یہ نو احکام لئے جائیں۔ آگے فرعون اور موسٰیؑ کا مکالمہ جو فَقَالَ لَہٗ سے نقل فرمایا ، مقتضی ہے کہ "آیات" سے وہ نشانات مراد ہوں جو بطور دلائل و حجج کے فرعونیوں کو دکھلائے گئے تھے ، چنانچہ لفط بَصَآئِرَ بھی انہی پر زیادہ چسپاں ہوتا ہے اور پہلے سے اہل مکہ کے تعنت اور آیات طلب کرنے کا جو ذکر آ رہا ہے اس کے مناسب بھی یہ ہی ہے کہ یہاں فرعونیوں کا تعنت آیات کونیہ کے متعلق دکھلایا جائے بہرحال ابن کثیر کا خیال یہ ہے کہ یہود نے شاید "تسع آیات" کی نسبت نہیں بلکہ ان دس کلمات کی نسبت کیا ہوگا جو تورات کے شروع میں بطور وصایا لکھے جاتےتھے ۔ چنانچہ حدیث میں دس ہی چیزیں مذکور ہیں۔ راوی حدیث کو التباس و اشتباہ ہو گیا، اس نے کلمات عشر"کی جگہ "تسع آیات" کو ذکر کر دیا۔ اور ممکن ہے سوال "آیات تسعہ" سےکیا گیا ہو۔ لیکن آپ نے جواب علیٰ اسلوب الحکیم دیا۔ گویا تنبیہ کر دی کہ نو معجزات کا معلوم کرنا تمہارےحق میں چنداں مفید اور اہم نہیں بلکہ ان دس احکام کا یاد رکھنا زیادہ مہم ہے۔ واللہ اعلم۔

حضرت موسٰی علیہ السلام اور فرعون کا مکالمہ

یعنی کسی نے تجھ پر جادو کر دیا ہے جس سے معاذ اللہ عقل خراب ہو گئ۔ اسی لئے بہکی بہکی باتیں کرتا ہے ۔ دوسری جگہ ہے اِنَّ رَسُوۡلَکُمُ الَّذِیۡۤ اُرۡسِلَ اِلَیۡکُمۡ لَمَجۡنُوۡنٌ (شعراء۔۲۷)۔ گویا "مسحور" سے مراد مجنون ہے اور بعض نے مسحور کو بمعنی ساحر لیا ہے ۔ واللہ اعلم۔