مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 111 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَقُلِ ٱلْحَمْدُ لِلَّهِ ٱلَّذِى لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَلَمْ يَكُن لَّهُۥ شَرِيكٌ فِى ٱلْمُلْكِ وَلَمْ يَكُن لَّهُۥ وَلِىٌّ مِّنَ ٱلذُّلِّ ۖ وَكَبِّرْهُ تَكْبِيرًۢا ﴿١١١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

توحید خالص کا بیان

نماز کے بعد توحید خالص کا ذکر فرما کر سورت کو ختم کیا ۔ یعنی ساری خوبیاں اور تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جو اپنی ہر صفت و کمال میں یگانہ ہے اور ہر قسم کے عیب و قصور اور نقس و فتور سے بکلی منزہ ہے اس کی ذات میں کسی طرح کی کمزوری نہیں جس کی تلافی کے لئے دوسرے کی حاجت پڑے۔ دوسرے سے مدد لینے میں تین احتمال ہو سکتے تھے۔ چھوٹے سے مدد لے جائے ۔ جیسے باپ اولاد سے لیتا ہے ۔ یا مساوی سے جیسے ایک شریک کو دوسرے شریک سے مدد پہنچتی ہے ، یا بڑے سے ۔ جس طرح کمزور آدمی ذلت و مصیبت کے وقت بڑے آدمیوں سے مدد لیتے ہیں اس آیت میں تینوں کی نفی کر دی۔ گویا لَمْ یَتَّخِذْ وَلَدًا میں پہلے احتمال کی لَمْ یَکُنْ لَّہٗ شَرِیْکٌ فِی الْمُلْکِ میں دوسرے کی اور لَمْ یَکُنْ لَّہٗ وَلِیٌّ مِّنَ الذُّلِّ میں تیسرے کی نفی کرنے کے بعد کَبِّرْہُ تَکْبِیْرًا میں اس کی عظمت و کبریا کی طرف متوجہ فرما دیا، یعنی انسان کو چاہئے کہ حق تعالیٰ کی بڑائی کا زبان و دل سے اقرار کرے اور ہر طرح کی کمزوریوں سے رفیع و برتر سمجھے ۔ اور لطف یہ ہے کہ لَمْ یَتَّخِذْ وَلَدًا میں نصاریٰ کا لَمْ یَکُنْ لَّہٗ شَرِیْکٌ فِی الْمُلْکِ میں مشرکین کا اور لَمْ یَکُنْ لَّہٗ وَلِیٌّ مِّنَ الذُّلِّ میں ان یہود کا رد ہو گیا جن کے یہاں خدا تعالیٰ کشتی میں یعقوبؑ کے مقابلہ کی تاب نہیں لا سکا۔ (العیاذ باللہ) حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "کوئی مددگار نہیں ذلت کے وقت ۔ یعنی اس پر کبھی ذلت ہی نہیں کہ مددگار چاہے۔ بادشاہوں کے ہاں امیر زبر پڑ جاتے ہیں اس لئے کہ برے وقت ان کی رفاقت کئے ہوتے ہیں ۔ وہاں یہ قصہ ہی نہیں۔" تم سورۃ الاسراء بعون اللہ وحسن توفیقہ فللہ الحمد والمنہ۔ والصلوٰۃ والسلام علیٰ صاحب الاسراء وعلیٰ آلہ وصحبہ۔