مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 36 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِۦ عِلْمٌ ۚ إِنَّ ٱلسَّمْعَ وَٱلْبَصَرَ وَٱلْفُؤَادَ كُلُّ أُو۟لَـٰٓئِكَ كَانَ عَنْهُ مَسْـُٔولًا ﴿٣٦﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بے تحقیق زبان سے کوئی بات نہ نکالو

یعنی بے تحقیق بات زبان سے مت نکال ، نہ اس کی اندھا دھند پیروی کر ، آدمی کو چاہیئے کہ کان ، آنکھ اور دل و دماغ سے کام لے کر اور بقدر کفایت تحقیق کر کے کوئی بات منہ سے نکالے یا عمل میں لائے ، سنی سنائی باتوں پر بے سوچے سمجھے یوں ہی اٹکل پچو کوئی قطعی حکم نہ لگائے یا عمل درآمد شروع نہ کر دے۔ اس میں جھوٹی شہادت دینا ، غلط تہمتیں لگانا ، بے تحقیق چیزیں سن کر کسی کے درپے آزار ہونا ، یا بغض و عداوت قائم کر لینا ، باپ دادا کی تقلید یا رسم و رواج کی پابندی میں خلاف شرع اور ناحق باتوں کی حمایت کرنا ، ان دیکھی یا ان سنی چیزوں کو دیکھی یا سنی ہوئی بتلانا ، غیر معلوم اشیاء کی نسبت دعویٰ کرنا کہ میں جانتا ہوں یہ سب صورتیں اس آیت کے تحت میں داخل ہیں یاد رکھنا چاہئے کہ قیامت کے دن تمام قویٰ کی نسبت سوال ہو گا کہ ان کو کہاں کہاں استعمال کیا تھا ، بے موقع تو خرچ نہیں کیا۔