مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 8 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

عَسَىٰ رَبُّكُمْ أَن يَرْحَمَكُمْ ۚ وَإِنْ عُدتُّمْ عُدْنَا ۘ وَجَعَلْنَا جَهَنَّمَ لِلْكَـٰفِرِينَ حَصِيرًا ﴿٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بنی اسرائیل پر دو حملے

حضرت شاہ صاحبؒ لکھتےہیں "تورات میں کہہ دیا تھا کہ بنی اسرائیل دوبارہ شرارت کریں گے ، اس کی جزاء میں دشمن ان کے ملک پر غالب ہوں گے ۔ اسی طرح ہوا ہے۔ ایک بار جالوت غالب ہوا ، پھر حق تعالیٰ نے اس کو حضرت داؤدؑ کے ہاتھ سے ہلاک کیا۔ پیچھے بنی اسرائیل کو اور قوت زیادہ دی ۔ حضرت سلیمانؑ کی سلطنت میں دوسری بار فارسی لوگوں میں بخت نصر غالب ہوا۔ تب سے انکی سلطنت نے قوت نہ پکڑی ۔ اب فرمایا کہ اللہ مہربانی پر آیا ہے اگر اس نبی کے تابع ہو تو وہی سلطنت اور غلبہ پھر کر دے اور اگر پھر وہی شرارت کرو گے تو ہم وہی کریں گے ۔ یعنی مسلمانوں کو ان پر غالب کیا اور آخرت میں دوزخ تیار ہے"۔ بعض علماء نے پہلے وعدہ سے بخت نصر کا حملہ جو ولادت مسیحؑ سے ۵۸۷ سال پہلے اور دوسرے وعدہ سے "طیطوس رومی" کا حملہ جو رفع مسیحؑ سے ستر سال بعد ہوا مراد لیا ہے۔ کیونکہ ان دونوں حملوں میں یہود پر تباہی آئی اور "مقدس ہیکل" کو برباد کیا گیا۔ واللہ اعلم۔