اصحاب کہف کا جاگنا اور گفتگو
جس طرح اپنی قدرت سے اتنی لمبی نیند سلایا تھا ، اسی طرح بر وقت جگا دیا ۔ اٹھے تو آپس میں مذاکرہ کرنے لگے کہ ہم کتنی دیر سوئے ہوں گے ؟ بعض نے کہا "ایک آدھ دن"۔ یعنی بہت کم۔ دوسرے بولے کہ (اس بے فائدہ بحث میں پڑنے سے کیا فائدہ ؟) یہ تو خدا ہی کے علم میں ہے کہ ہم کتنی مدت سوئے ۔ اب تم اپنا کام کرو۔ ایک آدمی کو یہ روپیہ دے کر شہر بھیجو کہ وہ کسی دکان سے حلال اور ستھرا کھانا دیکھ کر خرید لائے۔ یہ ضروری ہے کہ اسے نہایت ہشیاری سے جانا آنا اور نرمی و تدبیر سے معاملہ کرنا چاہئے کہ کسی شہر والےکو ہمارا پتہ نہ لگے ، ورنہ بڑی سخت خرابی ہو گی۔ اگر ظالم بادشاہ کو پتہ چل گیا تو ہم کو یا سنگسار کیا جائے گا یا بجبرواکراہ دین حق سے ہٹایا جائے گا۔ العیاذ باللہ! ایسا ہوا تو جو اعلیٰ کامیابی و فلاح ہم چاہتے ہیں ، وہ کبھی حاصل نہ ہو سکے گی۔ کیونکہ دین حق سےپھر جانا گو بجبرواکراہ ہو اولوالعزم مومنین کا کام نہیں ہو سکتا (تنبیہ) میرے نزدیک یَوۡمًا اَوۡ بَعۡضَ یَوۡمٍ محض تقلیل مدت سے کنایہ ہے ۔ نیند سے اٹھ کر اتنی طویل مدت بھی ان کو قلیل محسوس ہوئی ۔ سچ ہے "مردہ اور سوتا برابر ہے" ۔ یَوۡمًا اَوۡ بَعۡضَ یَوۡمٍ کا حرف "اوۡ" کے ساتھ استعمال ایسا سمجھو جیسے سورہ مومنون میں ہے کَمۡ لَبِثۡتُمۡ فِی الۡاَرۡضِ عَدَدَ سِنِیۡنَ ۔ قَالُوۡا لَبِثۡنَا یَوۡمًا اَوۡ بَعۡضَ یَوۡمٍ فَسۡـَٔلِ الۡعَآدِّیۡنَ (مومنون۔۱۱۲،۱۱۳) ۔