مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ کہف آیت 22 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

سَيَقُولُونَ ثَلَـٰثَةٌ رَّابِعُهُمْ كَلْبُهُمْ وَيَقُولُونَ خَمْسَةٌ سَادِسُهُمْ كَلْبُهُمْ رَجْمًۢا بِٱلْغَيْبِ ۖ وَيَقُولُونَ سَبْعَةٌ وَثَامِنُهُمْ كَلْبُهُمْ ۚ قُل رَّبِّىٓ أَعْلَمُ بِعِدَّتِهِم مَّا يَعْلَمُهُمْ إِلَّا قَلِيلٌ ۗ فَلَا تُمَارِ فِيهِمْ إِلَّا مِرَآءً ظَـٰهِرًا وَلَا تَسْتَفْتِ فِيهِم مِّنْهُمْ أَحَدًا ﴿٢٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اصحاب کہف کی تعداد

یعنی سامعین "اصحاب کہف" کا قصہ سن کر جیسا کہ لوگوں کی عادت ہے ، اٹکل کے تیر چلائیں گے ، کوئی کہے گا کہ وہ تین تھے چوتھا کتا تھا ، کوئی پانچ بتلا کر چھٹا کتے کو شمار کر ے گا۔ لیکن یہ سب اقوال ایسے ہیں جیسے کوئی بے نشانہ دیکھے پتھر چلاتا رہے ۔ ممکن ہے مختلف باتیں کہنے سے جہل کے علاوہ رسول اللہ ﷺ کا امتحان کرنا بھی مقصود ہو کہ دیکھیں یہ اس معاملہ میں کیا کہتے ہیں۔ کیونکہ احتمال ہے کہ یہود نے ان کو صحیح تعداد سات کی بتلائی ہو جسکی طرف آگے قرآن نے اشارہ کیا ہے۔

اصحاب کی تعداد کے بارے میں ابن عباسؓ کی روایت

یعنی اس قسم کی غیر معتدبہ باتوں میں زیادہ جھگڑنا لاحاصل ہے ۔ عدد کے معلوم ہونے سےکوئی اہم مقصد متعلق نہیں۔ جتنی بات خدا نے بتلا دی اس سے زیادہ تحقیق کے درپے ہونا یا جس قدر تردید خدا تعالیٰ کر چکا اس سے زیادہ جھگڑنا اور تردید کرنا فضول ہے۔ ابن عباس نے فرمایا میں ان قلیل لوگوں میں سے ہوں (جنہوں نے سیاق قرآنی سے معلوم کر لیا کہ) اصحاب کہف سات ہی تھے ۔ کیونکہ حق تعالیٰ نے پہلے دو قول کو "رجما بالغیب" فرمایا ، تیسرے قول کے ساتھ نہیں فرمایا اس کے علاوہ اسلوب بیان بھی بدلا ہوا ہے پہلے دونوں جملوں میں "واؤ عطف" نہ تھا ، تیسرے میں وَّ ثَامِنُہُمۡ کَلۡبُہُمۡ عطف کے ساتھ لانے سے گویا اس پر زور دینا ہے کہ اس قول کا قائل پوری بصیرت و وثوق کے ساتھ واقعہ کی تفصیل سے واقف ہے ۔ بعض نے اس کی تائید میں یہ بھی کہا ہے کہ پہلے قَالَ قَآئِلٌ مِّنۡہُمۡ کَمۡ لَبِثۡتُمۡ سے ایک قائل کا ہونا ، اور قَالُوۡا لَبِثۡنَا یَوۡمًا الخ سے اس کے سوا کم از کم تین قائلین کا پھر دوسرے قَالُوۡا رَبُّکُمۡ اَعۡلَمُ الخ سے ان کے علاہ تین اور قائلین کا ثبوت ملتا ہے۔ اس طرح کم از کم سات آدمی ہونے چاہئیں۔ کتا ان کے علاوہ رہا۔