مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ کہف آیت 60 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَإِذْ قَالَ مُوسَىٰ لِفَتَىٰهُ لَآ أَبْرَحُ حَتَّىٰٓ أَبْلُغَ مَجْمَعَ ٱلْبَحْرَيْنِ أَوْ أَمْضِىَ حُقُبًا ﴿٦٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت موسٰی علیہ السلام اور حضرت خضر علیہ السلام کے واقعے کی اصل وجہ

اوپر ذکر ہوا تھا کہ مغرور کافر مفلس مسلمانوں کو حقیر سمجھ کر آنحضرت ﷺ سے کہتے تھے کہ ان کو پاس نہ بٹھائیں ۔ اسی پر دو شخصوں کی کہاوت سنائی ۔ پھر دنیا کی مثال اور ابلیس کا کبرو غرور سے خراب ہونا بیان کیا۔ اب موسٰیؑ اور خضرؑ کا قصہ ذکر کرتے ہیں کہ اللہ والے اگر سب سے افضل اور بہتر بھی ہوں تو آپ کو بہتر نہیں کہتے ۔ اور کبھی بھول چوک سے کہہ گذریں تو حق تعالیٰ کی طرف سے تادیب و تنبیہ کی جاتی ہے۔ حدیث میں ہے کہ حضرت موسٰیؑ اپنی قوم کو نہایت موثر اور بیش بہا نصیحتیں فرما رہے تھے ۔ ایک شخص نے پوچھا ، اے موسٰیؑ! کیا روئے زمین پر آپ اپنے سے بڑا عالم کسی کو پاتے ہیں ؟ آپ نے فرمایا نہیں ۔ یہ جواب واقع میں صحیح تھا ۔ کیونکہ موسٰیؑ اولوالعزم پیغمبروں میں سے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ان کے زمانہ میں اسرار شرعیہ کا علم ان سے زیادہ کس کو ہو سکتا تھا۔ لیکن حق تعالیٰ کو ان کے الفاظ پسند نہ آئے ، گو مراد صحیح تھی۔ تاہم عنوان جواب کے عموم سے ظاہر ہوتا تھا کہ روئے زمین پر من کل الوجوہ اپنے کو اعلم الناس خیال کرتے ہیں۔ خدا کی مرضی یہ تھی کہ جواب کو اس کے علم محیط پر محول کرتے ۔ مثلاً یہ کہتے کہ اللہ کے مقرب و مقبول بندے بہت سے ہیں ، سب کی خبر اسی کو ہے۔ تب وحی آئی کہ جس جگہ دو دریا ملے ہیں اس کے پاس ہمارا ایک بندہ ہے جو تم سے زیادہ علم رکھتا ہے۔ مجمع البحرین کی تحقیق: دو دریا سے کون سے دریا مراد ہیں ؟ بعض نے کہا کہ بحر فارس اور بحر روم لیکن یہ دونوں ملتے نہیں۔ شاید ملاپ سے مراد قرب ہو گا یعنی جہاں دونوں کا فاصلہ کم سے کم رہ جائے۔ بعض افریقہ کے دو دریا مراد لیتے ہیں بعض علماء کے نزدیک "مجمع البحرین" وہ مقام ہے جہاں پہنچ کر دجلہ اور فرات خلیج فارس میں گرتے ہیں۔ واللہ اعلم۔ بہرحال موسٰیؑ نے درخواست کی کہ مجھے اس کا پوا پتہ نشان بتایا جائے تا میں وہاں جا کر کچھ علمی استفادہ کروں ۔ حکم ہوا کہ اس کی تلاش میں نکلو تو ایک مچھلی تل کر ساتھ رکھ لو ، جہاں مچھلی گم ہو ، وہیں سمجھنا کہ وہ بندہ موجود ہے۔ گویا "مجمع البحرین" سے جو ایک وسیع قطعہ مراد ہو سکتا تھا اس کی پوری تعین کے لئے یہ علامت مقرر فرما دی۔ حضرت یوشع سے حضرت موسٰیؑ کا خطاب: موسٰیؑ نے اسی ہدایت کے موافق اپنے خادم خاص حضرت یوشعؑ کو ہمراہ لے کر سفر شروع کر دیا، اور یوشعؑ کو کہہ دیا کہ مچھلی کا خیال رکھنا۔ میں برابر سفر کرتا رہوں گا یہاں تک کہ منزل مقصود پر پہنچ جاؤں ، اگر فرض کرو برس اور قرن بھی گذر جائیں گے بدون مقصد حاصل کئے سفر سے نہ ہٹوں گا۔ (تنبیہ) جوان سے مراد حضرت یوشعؑ ہیں جو ابتداًء موسٰیؑ کے خادم خاص تھے ، پھر ان کے روبرو پیغمبر اور ان کے بعد خلیفہ ہوئے۔