مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ کہف آیت 77 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

فَٱنطَلَقَا حَتَّىٰٓ إِذَآ أَتَيَآ أَهْلَ قَرْيَةٍ ٱسْتَطْعَمَآ أَهْلَهَا فَأَبَوْا۟ أَن يُضَيِّفُوهُمَا فَوَجَدَا فِيهَا جِدَارًا يُرِيدُ أَن يَنقَضَّ فَأَقَامَهُۥ ۖ قَالَ لَوْ شِئْتَ لَتَّخَذْتَ عَلَيْهِ أَجْرًا ﴿٧٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

دیوار سیدھا کرنے کا واقعہ

یعنی ایک بستی میں پہنچ کر وہاں کے لوگوں سے ملے اور چاہا کہ بستی والے مہمان سمجھ کر کھانا کھلائیں۔ مگر یہ سعادت ان کی قسمت میں نہ تھی ، انہوں نے موسٰیؑ و خضرؑ جیسے مقربین کی مہمانی سے انکار کر دیا۔ یہ معاملہ دیکھ کر چاہئے تھا کہ ایسے تنگ دل اور بے مروت لوگوں پر غصہ آتا ، مگر حضرت خضرؑ نے غصہ کی بجائے ان پر احسان کیا۔ بستی میں ایک بڑی بھاری دیوار جھکی ہوئی تھی قریب تھا کہ زمین پر آ رہے ۔ لوگ اس کے نیچے گزرتے ہوئے خوف کھاتے تھے۔ حضرت خضرؑ نے ہاتھ لگا کر سیدھی کر دی اور منہدم ہونے سے بچا لیا ۔ (تنبیہ) "حَتَّی اذا اتیا اھل قریۃٍ" میں "اہل" کا لفظ شاید اس لئے لائے کہ بستی میں ان کا آنا محض مردر و عبور کے طور پر نہ تھا ، نہ یہ صورت تھی کہ باشندگان شہر سے علیحدہ کسی سرائے وغیرہ میں جا اترے ہوں ، بلکہ قصد کر کے شہر والوں سے ملے۔ اور "استطعمآ اھلھا" میں دوبارہ لفظ "اہل" کی تصریح ان کی مزید تقبیح کے لئے ہے ۔ یعنی جن سے مہمانی چاہی تھی وہ اہل قریہ تھے کوئی پر دیسی مسافر نہ تھے جو یہ عذر کر سکیں کہ ہمارا گھر یہاں نہیں ، مہمانداری کیسے کریں۔

حضرت موسٰی علیہ السلام کا تیسرا اعتراض

یعنی بستی والوں نے مسافر کا حق نہ سمجھا کہ مہمانی کریں ، ان کی دیوار مفت بنا دینے کی کیا ضرورت تھی اگر کچھ معاوضہ لےکر دیوار سیدھی کرتے تو ہمارا کھانے پینے کا کام چلتا اور ان تنگ دل بخیلوں کو ایک طرح کی تنبیہ ہو جاتی ، شاید اپنی بداخلاقی اور بے مروتی پر شرماتے۔