اصحاب کہف کا واقعہ اللہ کی قدرت کا معمولی نمونہ ہے
یعنی حق تعالیٰ کی قدرت عظیمہ کے لحاظ سے اصحاب کہف کا قصہ جو آگے مذکور ہے کوئی اچنھبا نہیں جسے حد سے زیادہ عجیب سمجھا جائے۔ زمین آسمان ، چاند سورج وغیرہ کا پیدا کرنا ، ان کا محکم نظام قائم رکھنا انسان ضعیف البنیان کو سب پر فضیلت دینا ، انسانوں میں انبیاء کا بھیجنا ، ان کی قلیل و بے سرو سامان جماعتوں کو بڑے بڑے متکبرین کے مقابلہ میں کامیاب بنانا ، خاتم الانبیاء اور رفیق غار حضرت ابوبکر صدیقؓ کو دشمنوں کے نرغہ سے نکال کر "غار ثور" میں تین روز ٹھہرانا ، کفار کا غار کے منہ تک تعاقب کرنا پھر ان کو بے نیل و مرام واپس لوٹانا ، آخر گھر بار چھوڑنے والے مٹھی بھر بے سروسامانوں کو تمام جزیرۃ العرب بلکہ مشرق و مغرب میں اس قدر قلیل مدت کے اندر غالب و منصور کرنا ، کیا یہ اور اس قسم کی بے شمار چیزیں "اصحاب کہف" کے قصہ سے کم عجیب ہیں ؟ اصل یہ ہے کہ یہود نے قریش کو مشورہ دیا تھا کہ محمد ﷺ سے آزمائش کے لئے تین سوال کریں ۔ روح کیا ہے ؟ اصحاب کہف کا قصہ کیا تھا ؟ اور ذوالقرنین کی سرگزشت کیا تھی ؟ اصحاب کہف کے قصہ کو عجیب ہونے کی حیثیت سے انہوں نے خاص اہمیت دی تھی۔ اسی لئے اس آیت میں بتلایا گیا کہ وہ اتنا عجیب نہیں ۔ جیسے تم سمجھے ہو ، اس سے کہیں بڑھ کر عجیب و غریب نشانات قدرت موجود ہیں۔ اصحاب کہف کی جرأت و استقلال: آگے "اصحاب کہف" کا قصہ اول مجملاً پھر مفصلاً بیان فرمایا ہے کہتے ہیں کہ یہ چند نوجوان روم کے کسی ظالم و جبار بادشاہ کے عہد میں تھے ، جس کا نام بعض نے "دقیانوس" بتلایا ہے۔ بادشاہ سخت غالی بت پرست تھا اور جبرواکراہ سے بت پرستی کی اشاعت کرتا تھا۔ عام لوگ سختی اور تکلیف کے خوف اور چند روزہ دنیوی منافع کی طمع سے اپنے مذاہب کو چھوڑ کر بت پرستی اختیار کرنے لگے اس وقت چند نوجوانوں کےدلوں میں جن کا تعلق عمائد سلطنت سے تھا ، خیال آیا کہ ایک مخلوق کی خاطر خالق کو ناراض کرنا ٹھیک نہیں ۔ ان کے دل خشیت الہٰی اور نور تقویٰ سے بھرپور تھے۔ حق تعالیٰ نے صبرو استقلال اور توکل و تبتل کی دولت سے مالامال کیا تھا۔ بادشاہ کے روبرو جا کر بھی انہوں نے لَنْ نَدْعُوَا مِنْ دُوْنِہٖ اِلٰھًا لَقَدْ قُلْنَا اذًا شَطَطًا کا نعرہ مستانہ لگایا اور ایمانی جراءت و استقلال کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں کو مبہوت و حیرت زدہ کر دیا۔ بادشاہ کو کچھ ان کی نوجوانی پر رحم آیا اور کچھ دوسرے مشاغل و مصالح مانع ہوئے کہ انہیں فورًا قتل کر دے۔ چند روز کی مہلت دی کہ وہ اپنےمعاملہ میں غور و نظر ثانی کر لیں ۔ انہوں نےمشورہ کر کے طے کیا کہ ایسے فتنہ کے وقت جبکہ جبرو تشدد سے عاجز ہو کر قدم ڈگمگا جانے کا بہرحال خطرہ ہے مناسب ہو گا کہ شہر کے قریب کسی پہاڑ میں روپوش ہو جائیں (اور واپسی کے لئے مناسب موقع کا انتظار کریں) دعا کی کہ خداوندا! تو اپنی خصوصی رحمت سے ہمارا کام بنا دے اور رشد و ہدایت کی جادہ پیمائی میں ہمارا سب انتظام درست کر دے۔ آخر شہر سے نکل کر کسی قریبی پہاڑ میں پناہ لی اور اپنے میں سے ایک کو مامور کیا کہ بھیس بدل کر کسی وقت شہر میں جایا کرے تا ضروریات خرید کر لاسکے اور شہر کے احوال و اخبار سے سب کو مطلع کرتا رہے جو شخص اس کام پر مامور تھا اس نے ایک روز اطلاع دی کہ آج شہر میں سرکاری طور پر ہماری تلاش ہے اور ہمارے اقارب و اعزہ کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ ہمارا پتہ بتلائیں ۔ یہ مذاکرہ ہو رہا تھا کہ حق تعالیٰ نے ان سب پر دفعۃً نیند طاری کر دی۔ کہا جاتا ہے کہ سرکاری آدمیوں نے بہت تلاش کیا پتہ نہ لگا۔ تھک کر بیٹھ رہے اور بادشاہ کی رائے سے ایک سیسہ کی تختی پر ان نوجوانوں کے نام اور مناسب حالات لکھ کر خزانہ میں ڈال دیے گئے تاکہ آنے والی نسلیں یاد رکھیں کہ ایک جماعت حیرت انگیز طریقہ سے لاپتہ ہو گئ ہے۔ ممکن ہے آگے چل کر اس کا کچھ سراغ نکلے ۔ اور بعض عجیب واقعات کا انکشاف ہو ۔ اصحاب کہف کون تھے: یہ نوجوان کس مذہب پر تھے ؟ اس میں اختلاف ہوا ہے بعض نے کہا کہ نصرانی یعنی اصل دین مسیحی کے پیرو تھے ۔ لیکن ابن کثیر نے قرائن سے اس کو ترجیح دی ہے کہ اصحاب کہف کا قصہ حضرت مسیحؑ سے پہلے کا ہے ۔ واللہ اعلم۔ (تنبیہ) "رقیم" پہاڑ کی کھوہ کو کہتے ہیں اور بمعنی "مرقوم" بھی آتا ہے یعنی لکھی ہوئی چیز۔ مسند عبد بن حمید کی ایک روایت میں جسے حافظ نے علیٰ شرط البخاری کہا ہے ، ابن عباس سے "رقیم" کے دوسرے معنی منقول ہیں یعنی "اصحاب کہف" اور "اصحاب رقیم" ایک ہی جماعت کے دو لقب ہیں۔ غار میں رہنے کہ وجہ سے "اصحاب کہف" کہلاتے ہیں اور چونکہ ان کے نام و صفت وغیرہ کی تختی لکھ کر رکھ دی گئ تھی۔ اس لئے "اصحاب رقیم" کہلائے۔ اصحاب رقیم اور اصحاب کہف: مگر مترجمؒ نے پہلے معنی لئے ہیں اور بہرصورت "اصحاب کہف" و "اصحاب رقیم" کو ایک ہی قرار دیا ہے۔ بعض علماء کی رائے یہ ہے کہ "اصحاب رقیم" کا قصہ قرآن میں مذکور نہیں ہوا ، محض عجیب ہونے کے لحاظ سے اصحاب کہف کے تذکرہ میں اس کا حوالہ دے دیا گیا۔ اور فی الحقیقت اصحاب رقیم (کھوہ والے) وہ تین شخص ہیں جو بارش سے بھاگ کر ایک غار میں پناہ گزین ہوئے تھے ، اوپر سے ایک بڑا پتھر آ پڑا ، جس نے غار کا منہ بند کر دیا۔ اس وقت ان میں سے ہر ایک شخص نے اپنی عمر کے مقبول ترین عمل کا حوالہ دے کر حق تعالیٰ سے فریاد کی اور بتدریج غار کا منہ کھل گیا۔ امام بخاریؒ نے اصحاب کہف کا ترجمہ منعقد کرنے کے بعد حدیث الغار کا مسقتل عنوان قائم کیا ہے اور اس میں ان تین شخصوں کا قصہ مفصل درج کر کے شاید اسی طرف اشارہ کر دیا ہے کہ "اصحاب رقیم" یہ لوگ ہیں طبرانی اور بزاز نے باسناد حسن نعمان بن بشیر سے مرفوعًا روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ "رقیم" کا ذکر فرماتے تھے اور یہ قصہ تین شخصوں کا بیان کیا۔ واللہ اعلم۔