مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 41 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَٱذْكُرْ فِى ٱلْكِتَـٰبِ إِبْرَٰهِيمَ ۚ إِنَّهُۥ كَانَ صِدِّيقًا نَّبِيًّا ﴿٤١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت ابراہیم علیہ السلام سچے نبی تھے

گذشتہ رکوع میں حضرت مسیح و مریم کا قصہ بیان فرما کر نصاریٰ کا رد کیا گیا تھا جو ایک آدمی کو خدا بنا رہے ہیں۔ اس رکوع میں مشرکین مکہ کو شرمانے کے لئے حضرت ابراہیمؑ کا قصہ سنایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے باپ تک کو کس طرح شرک و بت پرستی سے روکا اور آخرکار وطن و اقارب کو چھوڑ کر خدا کے واسطے ہجرت اختیار کی۔ مشرکین مکہ کا دعویٰ تھا کہ وہ ابراہیمؑ کی اولاد میں اور اسی کے دین پر ہیں ۔ انہیں بتلایا گیا کہ بت پرستی کے متعلق تمہارے باپ ابراہیمؑ کا رویہ کیا رہا ہے۔ اگر آباؤ اجداد کی تقلید کرنا چاہتے ہو تو ایسے باپ کی تقلید کرو ۔ اور مشرک باپ دادوں سے اسی طرح بیزار ہو جاؤ جیسے ابراہیمؑ ہو گئے تھے۔

"صِدّیق" کے معنی ہیں "بہت زیادہ سچ کہنے والا ، جو اپنی بات کو عمل سے سچا کر دکھائے ۔ یا وہ راستباز پاک طینت جس کے قلب میں سچائی کو قبول کرنے کی نہایت اعلیٰ و اکمل استعداد موجود ہو۔ جو بات خدا کی طرف سے پہنچے بلا توقف اس کے دل میں اتر جائے ۔ شک و تردد کی گنجائش ہی نہ رہے ۔ ابراہیمؑ ہر ایک معنی سے صدیق تھے ۔ اور چونکہ صدیقیت کے لئے نبوت لازم نہیں اس لئے آگے صِدِّیْقًا کے ساتھ نَّبِیًّا فرما کر نبوت کی تصریح کر دی یہیں سے معلوم ہو گیا کہ کذبات ثلثہ کی حدیث اور نَحْنُ اَحَقُّ بِالشَّکِّ مِنْ اِبْرَاہِیْمَ وغیرہ روایات میں کذب و شک کے وہ معنی مراد نہیں جو سطح کلام سے مفہوم ہوتے ہیں۔