مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 6 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

يَرِثُنِى وَيَرِثُ مِنْ ءَالِ يَعْقُوبَ ۖ وَٱجْعَلْهُ رَبِّ رَضِيًّا ﴿٦﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اللہ سے اپنے وارث کی دعا

یعنی میں بوڑھا ہوں ، بیوی بانجھ ہے ، ظاہری سامان اولاد ملنے کا کچھ نہیں لیکن تو اپنی لا محدود قدرت و رحمت سے اولاد عطا فرما جو دینی خدمات کو سنبھالے اور تیری مقدس امانت کا بوجھ اٹھا سکے۔ میں اس ضعف و پیری میں کیا کر سکتا ہوں جی یہ چاہتا ہے کہ کوئی بیٹا اس لائق ہو جو اپنے باپ دادوں کی پاک گدی پر بیٹھ سکے ان کے علم و حکمت کے خزانوں کا مالک اور کمالات نبوۃ کا وارث بنے ۔ (تنبیہ) انبیاء کی وراثت: احادیث صحیحہ سے ثابت ہے کہ انبیاءؑ کے مال میں وراثت جاری نہیں ہوتی ۔ ان کی وراثت دولت علم میں چلتی ہے ۔ خود شیعوں کی مستند کتاب "کافی کلینی" سے بھی "روح المعانی" میں اس مضمون کی روایات نقل کی ہیں۔ لہذا متعین ہے کہ یَّرِثُنِیۡ وَ یَرِثُ مِنۡ اٰلِ یَعۡقُوۡبَ میں وراثت مالی مراد نہیں جس کی تائید خود لفظ "آل یعقوب" سے ہو رہی ہے ۔ کیونکہ ظاہر ہے تمام آل یعقوب کے اموال و املاک کا وارث تنہا حضرت زکریاؑ کا بیٹا کیسے ہو سکتا تھا۔ بلکہ نفس وراثت کا ذکر ہی اس موقع پر ظاہر کرتا ہے کہ مالی وراثت مراد نہیں کیونکہ یہ تو تمام دنیا کے نزدیک مسلم ہے کہ بیٹا باپ کے مال کا وارث ہوتا ہے ۔ پھر دعا میں اس کا ذکر کرنا محض بیکار تھا۔ یہ خیال کرنا کہ حضرت زکریاؑ کو اپنے مال و دولت کی فکر تھی کہ کہیں میرے گھر سے نکل کر بنی اعمام اور دووسرے رشتہ داروں میں نہ پہنچ جائے ، نہایت پست اور ادنیٰ خیال ہے انیباءؑ کی شان یہ نہیں ہوتی کہ دنیا سے رخصت ہوتے وقت دنیا کی متاح حقیر کی فکر میں پڑ جائیں کہ ہائے یہ کہاں جائے گی اور کس کے پاس رہے گی۔ اور لطف یہ ہے کہ حضرت زکریاؑ بڑے دولت مند بھی نہ تھے ، بڑھئی کا کام کر کے محنت سے پیٹ پالتے تھے بھلا انکو بڑھاپے میں کیا غم ہو سکتا تھا کہ چار پیسے رشتہ داروں کے ہاتھ نہ پڑ جائیں ۔ العیاذ باللہ۔

یعنی ایسا لڑکا دیجئے جو اپنے اخلاق و اعمال کے لحاظ سے میری اور تیری اور اچھے لوگوں کی پسند کا ہو۔