جنت کے انعامات
یعنی جنت میں لغو و بیکار باتیں اور بیہودہ شور و شغب نہ ہو گا۔ ہاں فرشتوں اور مومنین کی طرف سے "سلامٌ علیک" کی آوازیں بلند ہو ں گی۔
صبح و شام سے جنت کی صبح و شام مراد ہے وہاں دنیا کی طرح طلوح و غروب نہ ہو گا۔ جس سے رات دن اور صبح و شام مقرر کی جائے بلکہ خاص قسم کے انوار کا توارد و تنوع ہو گا۔ جس کے ذریعہ سے صبح و شام کی تحدید و تعین کی جائے گی۔ حسب عادت و معمول صبح و شام جنت کی روزی پہنچےگی۔ ایک منٹ کے لئے بھوک کی تکلیف نہیں ستائے گی وہ روزی کیا ہو گی ؟ اس کی کیفیت خدا ہی جانے ۔ حدیث میں ہے یُسَبِّحُوْنَ اللّٰہَ بُکْرَۃً وَ عَشِیًّا (جنتی صبح و شام حق تعالیٰ کی تسبیح کہیں گے) گویا جسمانی غذا کے ساتھ روحانی غذا بھی ملتی رہے گی۔