مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 64 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَمَا نَتَنَزَّلُ إِلَّا بِأَمْرِ رَبِّكَ ۖ لَهُۥ مَا بَيْنَ أَيْدِينَا وَمَا خَلْفَنَا وَمَا بَيْنَ ذَٰلِكَ ۚ وَمَا كَانَ رَبُّكَ نَسِيًّا ﴿٦٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت جبریل علیہ السلام کا نزول بھی اللہ کے حکم کے تابع ہے

ایک مرتبہ جبریلؑ کئ روز تک نہ آئے ۔ آپ منقبض تھے ، کفار نےکہنا شروع کیا کہ محمد ﷺ کو اس کے رب نے خفا ہو کر چھوڑ دیا ہے ۔ اس طعن سے اور آپ زیادہ دلگیر ہوئے۔ آخر جبریل تشریف لائے۔ آپ ﷺ نے اتنے روز تک نہ آنے کا سبب پوچھا۔ اور ایک حدیث میں ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا مَا یَمْنَعُکَ اَنْ تَزُوْرَنَا اَکْثَرَ مِمَّا تَزُوْرَنَا (جتنا تم آتے ہو اس سے زیادہ کیوں نہیں آتے ؟) اللہ تعالیٰ نے جبریلؑ کو سکھلایا کہ جواب میں یوں کہو وَ مَا نَتَنَزَّلُ اِلَّا بِاَمۡرِ رَبِّکَ الخ یہ کلام ہوا اللہ کا جبریل کی طرف سے ۔ جیسا اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنَ میں ہم کو سکھلایا ہے حاصل جواب یہ ہے کہ ہم خالص عبد مامور ہیں ، بدون حکم الہٰی ایک پر نہیں ہلا سکتے۔ ہمارا چڑھنا اترنا سب اس کے حکم و اذن کے تابع ہے وہ جس وقت اپنی حکمت کاملہ سے مناسب جانے ہم کو نیچے اترنے کا حکم دے، کیونکہ ہر زمانہ (ماضی ، مستقبل ، حال) اور ہر مکان (آسمان زمین اور ان کے درمیان کا علم اسی کو ہے اور وہی ہر چیز کا مالک و قابض ہے ۔ وہ ہی جانتا ہے کہ فرشتہ کو پیغمبر کے پاس کس وقت بھیجنا چاہئے۔ مقرب ترین فرشتہ اور معظم ترین پیغمبر کو بھی اختیار نہیں کہ جب چاہے کہیں چلا جائے یا کسی کو اپنے پاس بلا لے۔ خدا کا ہر کام بر محل اور بر وقت ہے۔ بھول چوک یا نسیان غفلت کی اس کی بارگاہ میں رسائی نہیں۔ مطلب یہ ہے کہ جبریلؑ کا جلد یا بدیر آنا بھی اسی کی حکمت و مصلحت کے تابع ہے (تنبیہ اول) ہمارے آگے پیچھے "کہا آسمان و زمین کو اترتے ہوئے زمین آگے ، آسمان پیچھے ، چڑھتے ہوئے وہ پیچھے یہ آگے ، اور اگر " آگے پیچھے" سے تقدم و تاخر زمانی مراد ہو تو زمانہ مستقبل آگے آنے والا اور زمانہ ماضی پیچھے گذر چکا ہے اور زمانہ حال دونوں کے بیچ میں واقع ہے (تنبیہ دوم) پہلے فرمایا تھا کہ جنت کے وارث اتقیا (خدا سے ڈرنے والے پرہیزگار) ہیں۔ اس آیت میں بتلا دیا کہ ڈرنے کےلائق وہ ہی ذات ہو سکتی ہے جس کے قبضہ میں تمام زمان و مکان ہیں۔ اور جس کے حکم و اجازت کے بدون بڑے سے بڑا فرشتہ بھی پر نہیں ہلا سکتا ۔ انسان کو چاہئے اگر وہ جنت کی میراث لینا چاہتا ہے تو فرشتوں کی طرح حکم الہٰی کا مطیع و منقاد بن جائے۔ اور ادھر بھی اشارہ ہو گیا کہ جو خدا اپنے مخلص بندوں کو یہاں نہیں بھولتا ، وہاں بھی نہیں بھولے گا ضرور جنت میں پہنچا کر چھوڑے گا۔ ہاں ہر چیز کا ایک وقت ہے ۔ جنت میں ہر ایک کا نزول بھی اپنے اپنے وقت پر ہو گا ۔ اور جیسے یہاں پیغمبر کے پاس فرشتے حکم الہٰی کے موافق وقت معین پر آتے ہیں ، جنت میں جنتیوں کی غذا روحانی و جسمانی بھی صبح و شام اوقات مقرر پر آئےگی۔