اشہرُ حج
شوال کے غُرّہ سے لے کر بقر عید کی صبح یعنی ذی الحجہ کی دسویں رات تک ان کا نام اشہرُ حج ہے ہے اس لئے کہ احرام حج ان کے اندر ہوتا ہے ۔ اگر اس سے پہلے کوئی احرام حج کا باندھے گا تو وہ ناجائز یا مکروہ ہوگا۔ یعنی حج کے لئے چند مہینے مقرر ہیں اور سب کو معلوم ہیں مشرکین عرب جو اپنی ضرورت میں ان میں تغیر و تبدل کرتے تھے جس کو دوسری آیت میں انما النسیٔ زیادۃ فی الکفر فرمایا گیا ہے یہ بالکل بے اصل اور باطل ہے۔
زادراہ لینا بہتر ہے
حج لازم کیا یعنی احرام حج کا باندھا اس طرح پر کہ دل سے نیت کی اور زبان سے تلبیہ پڑھا۔
ایک غلط دستور کفر میں یہ بھی تھا کہ بغیر زادہ راہ خالی ہاتھ حج کو جانا ثواب سمجھتے اور اس کو توکل کہتے اور وہاں جا کر ہر ایک سے مانگتے پھرتے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جن کو مقدور ہو وہ خرچ ہمراہ لے کر جائیں تاکہ خود تو سوال سے بچیں اور لوگوں کو حیران نہ کریں۔