خلیفۃ اللہ حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش
اب ایک بڑی نعمت کا ذکر کیا جاتا ہے جو جملہ بنی آدم پر کی گئ اور وہ حضرت آدمؑ کی آفرینش کا قصہ ہے جو تفصیل سے بیان کیا گیا اور اُن کو خیلفۃ اللہ بنایا گیا ۔ پہلی آیت میں جو خَلَقَ لَکُمۡ مَّا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا فرمایا تھا اس میں کسی کو انکار پیش آئے تو قصہ حضرت آدمؑ سے اُس کا جواب بھی بخوبی ہو گیا۔
ملائکہ کا سوال اور اُس کا جواب
ملائکہ کو جب یہ خلجان ہوا کہ ایسی مخلوق کہ جس میں مفسد اور خونریز تک ہوں گے ہم ایسے مطیع اور فرمانبردار کے ہوتے اُن کو خلیفہ بنانا اس کی وجہ کیا ہو گی؟ تو بطریق استفادہ یہ سوال کیا ۔ اعتراض ہر گز نہ تھا۔ رہا یہ امر کہ ملائکہ کو بنی آدم کا حال کیونکر معلوم ہوا اس میں بہت سے احتمال ہیں۔ جنّات پر قیاس کیا یا حق تعالیٰ نے پہلے بتا دیا تھا یا لوح محفوظ پر لکھا دیکھا۔ یا سمجھ گئے کہ حاکم و خلیفہ کی ضرورت جب ہی ہو گی جب ظلم و فساد ہو گا یا حضرت آدؑم کے قالب کو دیکھ کر بطور قیافہ سمجھ گئے ہوں (جیسا ابلیس نے حضرت آدمؑ کو دیکھ کر کہا تھا کہ بہکول ہوں گے) اور ایسا ہی ہوا۔
فرشتوں کو سر دست با لاجمال یہ جواب دیا گیا کہ ہم خوب جانتے ہیں اس کے پیدا کرنے میں جو حکمتیں ہیں ۔ تم کو ابھی تک وہ حکمتیں معلوم نہیں ورنہ اس کی خلافت اور افضلیت میں شبہ نہ کرتے۔