بنی اسرائیل سے خطاب
اول یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اعۡبُدُوۡا خطاب عام تھا اور ان نعمتوں کا ذکر فرمایا تھا جو تمام بنی آدمؑؐ پر عام تھیں مثلًا زمین و آسمان و جملہ اشیاء کا پیدا کرنا ۔ پھر حضرت آدمؐ کو پیدا کر کے ان کو خلیفہ بنانا اور بہشت میں داخل کرنا وغیرہ۔ اب ان میں سے خاص بنی اسرائیل کو خطاب کیا گیا اور خاص نعمتیں جو وقتًا فوقتًا پشت در پشت ان پر ہوتی چلی آئیں اور انہوں نے جو کفران نعمت کیا ان سب باتوں کو مفصل ذکر کیا جاتا ہے ۔ کیونکہ بنی اسرائیل تمام فرقوں بنی آدمؐ میں ممتاز اور اہل علم و کتاب و نبوت اور انبیاء کو پہچاننے والے سمجھے جاتے تھے۔ کیونکہ حضرت یعقوبؐ سے حضرت عیسٰیؐ تک چار ہزار نبی ان میں آچکے تھے تمام عرب کی نظریں انکی طرف تھیں کہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی تصدیق کرتے ہیں یا نہیں ۔ اس لئے ان انعامات اور خرابیوں کو بسط کے ساتھ ذکر فرمایا کہ شرما کر ایمان لائیں ورنہ اور لوگ انکی حرکات سے واقف ہو کر انکی بات کا اعتبار نہ کریں اور اسرائیل نام ہے حضرت یعقوبؐ کا اس کے معنی ہیں عبداللہ۔
بنی اسرائیل کی نعمتیں
ہزاروں انبیاء ان میں بھیجے گئے ۔ توریت وغیرہ کتابیں نازل فرمائیں فرعون سے نجات دے کر ملک شام میں تسلط دیا، من و سلوٰی نازل ہوا۔ ایک پتھر سے بارہ چشمے جاری کئے جو نعمتیں اور خوارق عادات کسی فرقہ کو نصیب نہیں ہوئیں۔
توریت کا عہد پورا کرو
توریت میں یہ اقرار کیا کہ تم توریت کے حکم پر قائم رہو گے ۔ اور جس پیغمبر کو بھیجوں اس پر ایمان لا کر اس کے رفیق رہو گے تو ملک شام تمہارے قبضہ میں رہے گا (بنی اسرائیل نے اس کو قبول کر لیا تھا) مگر پھر اقرار پر قائم نہ رہے بدنیتی کی رشوت لے کر مسئلے غلط بتائے حق کو چھپایا، اپنی ریاست جمائی پیغمبر کی اطاعت نہ کی بلکہ پیغمبروں کو قتل کیا، توریت میں جہاں حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی صفت تھی اس کو بدل ڈالا اس لئے گمراہ ہوئے۔
یعنی منافع دنیوی کے فوت ہونے سے مت ڈرو.