کوہ طور کو معلق کرنے کی وجہ
کہتے ہیں کہ توریت نازل ہوئی تو بنی اسرائیل شرارت سے کہنے لگے کہ "توریت کے حکم تو مشکل اور بھاری ہیں ہم سے نہیں ہو سکتے" تب خدائے تعالیٰ نے ایک پہاڑ کو حکم کیا جو ان سب کے سروں پر آن کر اترنے لگا اور سامنے آگ پیدا ہوئی گنجائش سرتابی اصلًا نہ رہی مجبورًا احکام توریت کو قبول کیا۔ باقی یہ شبہ کہ "پہاڑ سروں پر معلق کر کے تسلیم کرانا توریت کا یہ تو صریح اجبار و اکراہ ہے جو آیت لَاۤ اِکۡرَاہَ فِی الدِّیۡنِ (البقرۃ ۔ ۲۵۶) اور نیز قاعدہ تکلیف کے بالکل خلاف ہے کیونکہ بنائے تکلیف تو اختیار پر ہے اور اکراہ مناقض اختیار ہے " تو اس کا جواب یہ ہے کہ اکراہ دربارۂ قبول دین ہر گز نہیں۔ "دین تو بنی اسرائیل پہلے سے قبول کئے ہوئے تھے " اور بار بار حضرت موسٰیؑ سے تقاضا کرتے تھے کہ "کوئی کتاب متضمن احکام ہم کو لا کر دو کہ اس پر عمل کریں" اور اس پر معاہدہ کر چکے تھے۔ جب توریت ان کو دی گئ تو عہد شکنی پر کمر بستہ ہوئے تو اب پہاڑ کا معلق کرنا نقص عہد سے روکنے کے لئے تھا نہ کہ قبول دین کے لئے۔