یعنی جدھر فرشتہ آواز دے گا یا جہاں بلائے جائیں گے سیدھے تیر کی طرح ادھر دوڑے جائیں گے ۔ نہ بلانے والےکی بات ٹیڑھی ہو گی اور نہ دوڑنے والوں میں کچھ ٹیڑھا ترچھا پن رہے گا ۔ کاش یہ لوگ دنیا میں اللہ کے داعی کی آواز پر اسی طرح سیدھے جھپٹتے تو وہاں کام آتا۔ پر یہاں اپنی بدبختی اور کجروی سے ہمیشہ ٹیڑھی چال چلتے رہے۔
رحمٰن کے ڈر سے آوازوں کا پست ہونا
یعنی محشر کی طرف چلنے کی کھسکھساہٹ کے سوا اس وقت رحمٰن کے خوف و ہیبت کے مارے کسی کی آواز نہ سنائی دے گی، اگر کوئی کچھ کہے گا بھی تو اس قدر آہستہ جیسے کانا پھوسی کرتے ہوں۔