مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ طٰہٰ آیت 124 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَمَنْ أَعْرَضَ عَن ذِكْرِى فَإِنَّ لَهُۥ مَعِيشَةً ضَنكًا وَنَحْشُرُهُۥ يَوْمَ ٱلْقِيَـٰمَةِ أَعْمَىٰ ﴿١٢٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اللہ سے غفلت دنیوی زندگی میں تنگی لاتی ہے

جو آدمی اللہ کی یاد سے غافل ہو کر محض دنیا کی فانی زندگی ہی کو قبلہ مقصود سمجھ بیٹھا ہے ، اس کی گذران مکدر اور تنگ کر دی جاتی ہے۔ گو دیکھنے میں اس کے پا س بہت کچھ مال و دولت اور سامان عیش و عشرت نظر آئیں۔ مگر اس کا دل قناعت و توکل سےخالی ہونے کی بنا پر ہر وقت دنیا کی مزید حرص ، ترقی کی فکر اور کمی کے اندیشہ میں بے آرام رہتا ہے ۔ کسی وقت ننانوے کے پھیر سے قدم باہر نہیں نکلتا ، موت کا یقین اور زوال دولت کے خطرات الگ سوہان روح رہتے ہیں ۔یورپ کے اکثر تنعمین کو دیکھ لیجئے۔ کسی کو رات دن میں دو گھنٹے اور کسی خوش قسمت کو تین چار گھنٹے سونا نصیب ہوتا ہو گا۔ بڑے بڑے کروڑ پتی دنیا کے مخمصوں سے تنگ آ کر موت کو زندگی پر ترجیح دینے لگتے ہیں۔ اس نوع کی خودکشی کی بہت مثالیں پائی گئ ہیں۔ نصوص اور تجربہ اس پر شاہد ہیں کہ اس دنیا میں قلبی سکون اور حقیقی اطمینان کسی کو بدون یاد الہٰی کے حاصل نہیں ہو سکتا اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ (الرعد۔۲۸) لیکن "ذوق ابن بادہ ندانی بخدا تا منہ چشی" بعض مفسرین نے مَعِیۡشَۃً ضَنۡکًا کے معنی لئے ہیں وہ زندگی جس میں خیر داخل نہ ہو سکے۔ گویا خیر کو اپنے اندر لینے سے تنگ ہو گئ۔ ظاہر ہےکہ ایک کافر جو دنیا کے نشہ میں بدمست ہے اس کا سارا مال و دولت اور سامان عیش و تنعم آخر کار اس کے حق میں وبال بننے والا ہے۔ جس خوشحالی کا انجام چند روز کے بعد دائمی تباہی ہو۔ اسے خوشحالی کہنا کہاں زیبا ہے۔ بعض مفسرین نے مَعِیۡشَۃً ضَنۡکًا سے قبر کی برزخی زندگی مراد لی ہے۔ یعنی قیامت سے پہلے اس پر سخت تنگی کا ایک دور آئے گا جبکہ قبر کی زمین بھی اس پر تنگ کر دی جائے گی۔ مَعِیۡشَۃً ضَنۡکًا کی تفیسر عذاب قبر سے بعض صحابہ نےکی ہے بلکہ بزار نے باسناد جید ابوہریرہ سے مرفوعًا روایت کیا ہے۔ بہرحال مَعِیۡشَۃً ضَنۡکًا کے تحت میں یہ سب صورتیں داخل ہو سکتی ہیں۔ واللہ اعلم۔

حشر میں اندھا اٹھایا جائے گا

یعنی آنکھوں سے اندھا کر کے محشر کی طرف لایا جائے گا ۔ اور دل کا بھی اندھا ہو گا کہ کسی حجت کی طرف رستہ نہ پائے گا ۔ یہ ابتدائے حشر کا ذکر ہے پھر آنکھیں کھول دی جائیں گی ۔ تا دوزخ وغیرہ اہوال محشر کا معائنہ کر ے۔