مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ طٰہٰ آیت 47 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

فَأْتِيَاهُ فَقُولَآ إِنَّا رَسُولَا رَبِّكَ فَأَرْسِلْ مَعَنَا بَنِىٓ إِسْرَٰٓءِيلَ وَلَا تُعَذِّبْهُمْ ۖ قَدْ جِئْنَـٰكَ بِـَٔايَةٍ مِّن رَّبِّكَ ۖ وَٱلسَّلَـٰمُ عَلَىٰ مَنِ ٱتَّبَعَ ٱلْهُدَىٰٓ ﴿٤٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

فرعون کو پیغام دعوت

اس میں تین چیزوں کی طرف دعوت دی گئ۔ (۱) فرعون کا اور سب مخلوقات کا کوئی رب ہے جو رسول بھیجتا ہے (۲) ہم دونوں اس کے رسول ہیں لہذاٰ ہماری اطاعت اور رب کی عبادت کرنی چاہیئے۔ گویا اس جملہ میں اصل ایمان کی دعوت دی گئ اسی کو "نازعات" میں اس طرح ادا کیا ہے ۔ فَقُلۡ ہَلۡ لَّکَ اِلٰۤی اَنۡ تَزَکّٰی ۔ وَ اَہۡدِیَکَ اِلٰی رَبِّکَ فَتَخۡشٰی (۱۸،۱۹) آگے (۳) تیسری چیز وہ ہے جس کی اس وقت خاص ضرورت تھی ۔ یعنی بنی اسرائیل کو فرعونیوں کی ذلت آمیز اور درد انگیز غلامی سے نجات دلانا ۔ مطلب یہ ہے کہ اس شریف و نجیب الاصل خاندان پر ظلم و ستم مت توڑ اور ذلیل ترین غلامی سے آزادی دے کر ہمارے ساتھ کر دے ۔ جہاں چاہیں آزادانہ زندگی بسر کریں۔

یعنی ہمارا دعویٰ رسالت بے دلیل نہیں ۔ بلکہ اپنی صداقت پر خدائی نشان لیکر آئے ہیں۔