مقابلے کی تاریخ
پیغمبروں کے کام میں کوئی تلبیس و تلمیع نہیں ہوتی ، ان کا معاملہ کھلم کھلا صاف صاف ہوتا ہے۔ موسٰیؑ نے فرمایا کہ بہتر ہے جو بڑ امیلہ اور جشن تمہارے یہاں ہوتا ہے اسی روز جب دن چڑھ جائے اس وقت میدان مقابلہ قائم ہو۔ یعنی میلہ میں جہاں زیادہ سے زیادہ مخلوق جمع ہو گی اور دن کے اجالے میں یہ کام کیا جائے ، تا دیکھنے والے بکثرت ہوں اور روز روشن میں کسی کو اشتباہ و التباس نہ ہو ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں کہ "دنگل میں مقابلہ کرنے سے دونوں کی غرض تھی۔ وہ چاہےکہ ان کو ہرا دے سب کے روبرو ، یہ چاہیں کہ وہ ہارے۔ جشن کا دن سارے مصر کے شہروں میں مقرر تھا فرعون کی سالگرہ کا"۔