قوم کو سامری کا بہکانا
یعنی تم تو ادھر آئے اور ہم نے تیری قوم کو ایک سخت آزمائش میں ڈال دیا، جس کا سبب عالم اسباب میں سامری بنا ہے۔ کیونکہ اسی کےاغواء و اضلال سے بنی اسرائیل نے موسٰیؑ کی غیبت میں بچھڑا پوجنا شروع کر دیا تھا۔ جس کا قصہ سورہ اعراف میں گذر چکا ہے۔ (تنبیہ) سامری کا نام بھی بعض کہتے ہیں موسٰی تھا۔ بعض کے نزدیک یہ اسرائیلی تھا بعض کے نزدیک قبطی بہرحال جمہور کی رائے یہ ہے کہ یہ شخص حضرت موسٰیؑ کے عہد کا منافق تھا اور منافقین کی طرح فریب اور چالبازی سے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی فکر میں رہتا تھا۔ ابن کثیر کی روایت کے موافق کتب اسرائیلیہ میں اس کا نام ہارون ہے۔