حضرت ابراہیم علیہ السلام کا مناظرانہ جواب اور شرک کا ابطال
یعنی مجھ سے دریافت کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ فرض کر لیا جائے کہ اس بڑے گرو گھنٹال نے جو صحیح سالم کھڑا ہے اور توڑنے کا آلہ بھی اس کے پاس موجود ہے ، یہ کام کیا ہو گا۔ لیجئے بحث و تحقیق کے وقت بطور الزام و تبکیت میں یہ دعویٰ کئے لیتا ہوں کہ بڑے بت نے سب چھوٹوں کو توڑ ڈالا اب آپ کے پاس کیا دلیل ہے کہ ایسا نہیں ہوا۔ کیا دنیا میں ایسا ہوتا نہیں کہ بڑے سانپ چھوٹے سانپوں کو ، بڑی مچھلی چھوٹی مچھلی کو نگل جاتی ہے۔ اور بڑے بادشاہ چھوٹی سلطنتوں کو تباہ کر ڈالتے ہیں ، اس لئے بہترین صورت میرے تمہارے درمیان فیصلہ کی یہ ہےکہ تم خود اپنے ان معبودوں سے دریافت کر لو کہ یہ ماجرا کس طرح ہوا۔ اگر یہ کچھ بول سکتے ہیں تو کیا ایسے اہم معاملہ میں بول کر میرےجھوٹ سچ کا فیصلہ نہ کر دیں گے ؟ (تنبیہ) ہماری تقریر سے ظاہر ہو گیا کہ بَلۡ فَعَلَہٗ ٭ۖ کَبِیۡرُہُمۡ ہٰذَا کہنا خلاف واقعہ خبر دینے کے طور پر نہ تھا جسے حقیقۃً جھوٹ کہا جائے بلکہ ان کی تحمیق و تجہیل کےلئے ایک فرضی احتمال کو بصورت دعویٰ لے کر بطور تعریض و الزام کلام کیا گیا تھا جیسا کہ عمومًا بحث و مناظرہ میں ہوتا ہے ، اس کو جھوٹ نہیں کہہ سکتے، ہاں بظاہر صورت جھوٹ کی معلوم ہوتی ہے اسی لئے بعض احادیث میں اس پر لفظ کذب کااطلاق صورۃً کیا گیا ہے۔ مفسرین نے اس کی توجیہہ میں اور بھی کئ محمل بیان کئے ہیں ، مگر ہمارے نزدیک یہ ہی تقریر زیادہ صاف ، بے تکلف اور اقرب الی الروایات ہے ۔ واللہ اعلم۔