حضرت یونس علیہ السلام کا قصہ
"مچھلی والا" فرمایا حضرت یونسؑ کو ۔ ان کا مختصر قصہ یہ ہےکہ اللہ تعالیٰ نے ان کو شہر نینوٰی کی طرف (جو موصل کے مضافات میں سے ہے) مبعوث فرمایا تھا۔ یونسؑ نے ان کو بت پرستی سے روکا اور حق کی طرف بلایا وہ ماننے والے کہاں تھے ، روز بروز ان کا عناد و تمرد ترقی کرتا رہا۔ حضرت یونسؑ کی بدعا: آخر بد دعا کی اور قوم کی حرکات سےخفا ہو کر غصہ میں بھرے ہوئے شہر سے نکل گئے حکم الہٰی کا انتظار نہ کیا اور وعدہ کر گئے کہ تین دن کے بعد تم پر عذاب آئے گا۔ ان کے نکل جانے کے بعد قوم کو یقین ہوا کہ نبی کی بد دعا خالی نہیں جائے گی کچھ آثار بھی عذاب کے دیکھے ہوں گے ۔ گھبرا کر سب لوگ بچوں اور جانوروں سمیت باہر جنگل میں چلےگئے ماؤں کو بچوں سے جدا کر دیا میدان میں پہنچ کر سب نے رونا چلانا شروع کیا۔ بچے اور مائیں، آدمی اور جانور سب شور مچا رہے تھے ، کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی۔ قوم یونسؑ کی توبہ اور عذاب کا ٹلنا: تمام بستی والوں نے سچے دل سےتوبہ کی ۔ بت توڑ ڈالے ، خدائے تعالیٰ کی اطاعت کا عہد باندھا اور حضرت یونسؑ کو تلاش کرنے لگےکہ ملیں تو ان کے ارشاد پر کاربند ہوں۔ حق تعالیٰ نے آنے والا عذاب ان پر سے اٹھا لیا۔ فَلَوۡ لَا کَانَتۡ قَرۡیَۃٌ اٰمَنَتۡ فَنَفَعَہَاۤ اِیۡمَانُہَاۤ اِلَّا قَوۡمَ یُوۡنُسَ ؕ لَمَّاۤ اٰمَنُوۡا کَشَفۡنَا عَنۡہُمۡ عَذَابَ الۡخِزۡیِ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا وَ مَتَّعۡنٰہُمۡ اِلٰی حِیۡنٍ ۔ (یونس۔۹۸) ادھر یونسؑ بستی سے نکل کر ایک جماعت کے ساتھ کشتی پر سوار ہوئے ، وہ کشتی غرق ہونے لگی کشتی والوں نے بوجھ ہلکا کرنے کا ارادہ کیا کہ ایک آدمی کو نیچے پھینک دیا جائے ( یا اپنے مفروضات کے موافق یہ سمجھے کہ کشتی میں کوئی غلام مولا سے بھاگا ہوا ہے) بہرحال اس آدمی کے تعیین کےلئے قرعہ ڈالا۔ وہ یونسؑ کے نام پر نکلا۔ دو تین مرتبہ قرعہ اندازی کی ہر دفعہ یونسؑ کے نام پر نکلتا رہا۔ یہ دیکھ کر یونسؑ دریا میں کود پڑے۔ مچھلی کا حضرت یونسؑ کو نگلنا: فورًا ایک مچھلی آ کر نگل گئ اللہ تعالیٰ نے مچھلی کو حکم دیا کہ یونسؑ کو اپنے پیٹ میں رکھ ، اس کا ایک بال بینکا نہ ہو۔ یہ تیری روزی نہیں بلکہ تیرا پیٹ ہم نے اس کا قید خانہ بنایا ہے۔ اس کو اپنے اندر حفاظت سے رکھنا۔ حضرت یونسؑ کی دعا اور رہائی: اس وقت یونسؑ نے اللہ کو پکارا۔ لَّاۤ اِلٰہَ اِلَّاۤ اَنۡتَ سُبۡحٰنَکَ ٭ۖ اِنِّیۡ کُنۡتُ مِنَ الظّٰلِمِیۡنَ اپنی خطا کا اعتراف کیا کہ بیشک میں نے جلدی کی کہ تیرے حکم کا انتظار کئے بدون بستی والوں کو چھوڑ کر نکل کھڑا ہوا ۔ گو یونسؑ کی یہ غلطی اجتہادی تھی جو امت کے حق میں معاف ہے ، مگر انبیاء کی تربیت و تہذیب دوسرے لوگوں سے ممتاز ہوتی ہے۔ جس معاملہ میں وحی آنے کی امید ہو۔ بدون انتظار کئے قوم کو چھوڑ کر چلا جانا ایک نبی کی شان کے لائق نہ تھا۔ اسی نامناسب بات پر داروگیر شروع ہو گئ۔ آخر توبہ کے بعد نجات ملی۔ مچھلی نے کنارہ پر آ کر اگل دیا۔ اور اسی بستی کی طرف صحیح سالم واپس کئے گئے۔
حضرت یونس علیہ السلام کی اجتہادی غلطی کی حقیقت
یعنی یہ خیال کر لیا کہ ہم اس حرکت پر کوئی داروگیر نہ کریں گے ، یا ایسی طرح نکل کر بھاگا جیسے کوئی یوں سمجھ کر جائے کہ اب ہم اس کو پکڑ کر واپس نہیں لا سکیں گے۔ گویا بستی سےنکل کر ہماری قدرت سے ہی نکل گیا یہ مطلب نہیں کہ معاذ اللہ یونسؑ فی الواقع ایسا سمجھتے تھے ۔ ایسا خیال تو ایک ادنیٰ مومن بھی نہیں کر سکتا۔ بلکہ غرض یہ ہے کہ صورت حال ایسی تھی جس سے یوں مترشح ہو سکتا تھا۔ حق تعالیٰ کی عادت ہے کہ وہ کاملین کی ادنیٰ ترین لغزش کو بہت سخت پیرایہ میں ادا کرتا ہے۔ جیسا کہ ہم پہلے کئ جگہ لکھ چکے ہیں اور اس سےکاملین کی تنقیض نہیں ہوتی بلکہ جلالت شان ظاہر ہوتی ہےکہ اتنے بڑے ہو کر ایسی چھوٹی سی فروگذاشت بھی کیوں کرتے ہیں۔
یعنی دریا کی گہرائی مچھلی کے پیٹ اور شب تاریک کے اندھیروں میں۔
یعنی میری خطا کو معاف فرمائے ۔ بیشک مجھ سے غلطی ہوئی۔