مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ انبیاء آیت 98 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

إِنَّكُمْ وَمَا تَعْبُدُونَ مِن دُونِ ٱللَّهِ حَصَبُ جَهَنَّمَ أَنتُمْ لَهَا وَٰرِدُونَ ﴿٩٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

دوزخ کا ایندھن

یہ خطاب مشرکین مکہ کو ہے جو بت پوجتے تھے ، یعنی تم اور تمہارے یہ معبود سب دوزخ کا ایندھن بنیں گے وَقُوۡدُہَا النَّاسُ وَ الۡحِجَارَۃُ (بقرہ۔۲۴) اس کے معنی یہ نہیں کہ اصنام (بت) معذب ہوں گے۔ بلکہ غرض یہ ہے کہ بت پرستوں پر حجت زیادہ لازم ہو ۔ جیسا کہ آگے فرمایا۔ لَوۡ کَانَ ہٰۤؤُلَآءِ اٰلِہَۃً مَّا وَرَدُوۡہَا اور ان کی حسرت بڑھے اور حماقت زیادہ واضح ہو کہ جن سے خیر کی توقع رکھتے تھے وہ آج خود اپنے کو نہ بچا سکے پھر ہماری حفاظت کیا کر سکتے ہیں۔ (تنبیہ) وَ مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ سے مراد یہاں صرف اصنام ہیں۔ کیونکہ خطاب ان ہی کے پرستاروں سے ہے۔ لیکن اگر ''مَا'' کو عام رکھا جائے تو ''بشرط عدم المانع'' کی قید معتبر ہو گی۔ یعنی جن فرضی معبودوں میں کوئی مانع دخول نار سے نہ ہو وہ اپنے عابدین کے ساتھ دوزخ کا ایندھن بنائے جائیں گے ۔ مثلًا شیاطین و اصنام۔ باقی حضرت مسیحؑ و عزیرؑ اور ملائکۃ اللہ جن کو بہت لوگوں نے معبود ٹھہرا لیا ہے۔ ان حضرات کی مقبولیت و وجاہت مانع ہے کہ (معاذ اللہ) اس عموم میں شامل رکھے جائیں ۔ اسی لئے آگے تصریحًا فرما دیا اِنَّ الَّذِیۡنَ سَبَقَتۡ لَہُمۡ مِّنَّا الۡحُسۡنٰۤی ۙ اُولٰٓئِکَ عَنۡہَا مُبۡعَدُوۡنَ ۔