قیامت کے زلزلے اور ان کی شدت
قیامت کےعظیم الشان زلزلے (بھونچال) دو ہیں۔ ایک عین قیام قیامت کے وقت یا نفخہ ثانیہ جسکے بعد دوسرا قیامت سےکچھ پیتشر جو علامات قیامت میں سے ہے اگر یہاں دوسرا مراد ہو تو آیت اپنے ظاہر معنی پر رہے گی اور پہلا مراد ہو تو دونوں احتمال ہیں، حقیقۃً زلزلہ آئے اور دودھ پلانے والی یا حاملہ عورتیں اپنی اسی ہیأت پر محشور ہوں ۔ یا زلزلہ سے مراد وہاں کے اہوال و شدائد ہوں اور یَوۡمَ تَرَوۡنَہَا تَذۡہَلُ کُلُّ مُرۡضِعَۃٍ الخ کو تمثیل پر حمل کیا جائے۔ یعنی اس قدر گھبراہٹ اور سختی ہو گی۔ کہ اگر دودھ پلانے والی عورتیں موجود ہوں تو مارے گھبراہٹ اور شدت ہول کے اپنے بچوں کو بھول جائیں اور حاملہ عورتوں کے حمل ساقط ہو جائیں۔ اس وقت لوگ اس قدر مدہوش ہوں گے کہ دیکھنے والا شراب کے نشہ کا گمان کرے حالانکہ وہاں نشہ کا کیا کام۔ خدا کےعذاب کا تصور اور اہوال و شدائد کی سختی ہوش گم کر دےگی۔ (تنبیہ) اگر یہ گھبراہٹ سب کو عام ہو تو لَا یَحۡزُنُہُمُ الۡفَزَعُ الۡاَکۡبَرُ (الانبیاء۔۱۰۳) میں نفی باعتبار اکثر احوال کے اور یہاں اثبات باعتبار ساعت قلیلہ کے لیا جائے گا۔ اور اگر آیت حاضرہ اکثر ناس کے حق میں ہو ، سب کے حق میں نہ ہو تو سرے سے اشکال ہی نہیں۔