خانہ کعبہ کی جگہ
کہتے ہیں کعبہ شریف کی جگہ پہلے سے بزرگ تھی ، پھر مدتوں کے بعد نشان نہ رہا تھا۔ حضرت ابراہیمؑ کو حکم ہوا کہ بیت اللہ تعمیر کرو ۔ اس معظم جگہ کا نشان دکھلایا گیا۔ حضرت ابراہیمؑ نےاپنے بیٹے اسمٰعیلؑ کو ساتھ لے کر خانہ کعبہ تعمیر کیا۔ (تنبیہ) "مسجد حرام" کا ذکر پہلے آیا تھا اس کی مناسبت سے کعبہ کی بناء کا حال اور اس کے متعلق بعض احکام دور تک بیان کئے گئے ہیں۔
کعبہ کی بنیاد توحید پر
یعنی اس گھر کی بنیاد خالص توحید پر رکھو ، کوئی شخص یہاں آ کر اللہ کی عبادت کے سوا کوئی مشرکانہ رسوم نہ بجا لائے کفار مکہ نے اس پر ایسا عمل کیا کہ وہاں تین سو ساٹھ بت لا کر کھڑے کر دیے۔ العیاذ باللہ جن کی گندگی سے ہمیشہ کے لئے خاتم الانبیاء ﷺ نے خدا کے گھر کو پاک کیا۔ فلہ الحمد والمنہ۔
یعنی خالص ان ہی لوگوں کے لئے رہے اور سب سے پاک کیا جائے ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "پہلی امتوں میں رکوع نہ تھا یہ خاص اسی امت محمدیہ کی نماز میں ہے۔ تو خبر دی کہ آگے لوگ ہوں گے اس کے آباد کرنے والے" وفیہ نظر فتامل۔