آیات وحی میں شیطانی شبہات
آیت کی تفسیر میں اختلاف ہے۔ مترجم محقق قدس اللہ روحہ نے اپنے پیشرو حضرت شاہ عبدالقادرؒ کی روش اختیار فرمائی ہے جس کی طرف حضرت شاہ ولی اللہ قدس سرہٗ نے بھی "حجۃ اللہ البالغہ" کے آخر میں اشارہ کیا ہے۔ حضرت شاہ صاحبؒ "موضح القران" میں لکھتے ہیں"نبی کو ایک حکم (یا ایک خبر) اللہ کی طرف سے آتی ہے۔ اس میں ہرگز ذرہ بھر تفاوت نہیں ہو سکتا ۔اور ایک اپنے دل کا خیال (اور رائے کا اجتہاد) ہے وہ کبھی ٹھیک پڑتا ہے کبھی نہیں۔ جیسےحضرت ﷺ نے خواب میں دیکھا (اور نبی کا خواب وحی ہوتا ہے) کہ آپ مدینہ سے مکہ تشریف لے گئے اور عمرہ کیا ۔خیال میں آیا کہ شاید امسال ایسا ہو گا (چنانچہ عمرہ کی نیت سے سفر شروع کیا۔ لیکن درمیان میں احرام کھولنا پڑا) اور اگلے سال خواب کی تعبیر پوری ہوئی ۔ یا وعدہ ہوا کہ کافروں پر غلبہ ہو گا۔ خیال آیا کہ اب کی لڑائی میں ۔ اس میں نہ ہوا، بعد کو ہوا۔ پھر اللہ جتلا دیتا ہے کہ جتنا حکم یا وعدہ تھا اس میں سرِ مو تفاوت نہیں۔"ہاں نبی کے ذاتی خیال و اجتہاد میں تفاوت ہو سکتا ہے گو نبی اصل پیشین گوئی کے ساتھ ملا کر اپنے ذاتی خیال کی اشاعت نہیں کرتا بلکہ دونوں کو الگ رکھتا ہے۔ باقی اس صورت میں "القاء" کی نسبت شیطان کی طرف ویسی ہو گی جیسے وَ مَاۤ اَنۡسٰنِیۡہُ اِلَّا الشَّیۡطٰنُ اَنۡ اَذۡکُرَہٗ (کہف۔۶۳) میں "اِنْساء" کی نسبت اس کی طرف کی گئ ہے۔ واللہ اعلم۔ احقر کے نزدیک بہتریں اور سہل ترین تفسیر وہ ہے جس کی مختصر اصل سلف سے منقول ہے۔ یعنی "تمنّٰی" کو بمعنی قرات و تلاوت یا تحدیث کے اور "اُنیست" کو بمعنی متلؤ یا حدیث کے لیا جائے ۔ مطلب یہ ہے کہ قدیم سے یہ عادت رہی ہے کہ جب کوئی نبی یا رسول کوئی بات بیان کرتا یا اللہ کی آیات پڑھ کر سناتا ہے۔ شیطان اس بیان کی ہوئی بات یا آیت میں طرح طرح کے شبہات ڈال دیتا ہے۔ یعنی بعض باتوں کے متعلق بہت لوگوں کے دلوں میں وسوسہ اندازی کر کے شکوک و شبہات پیدا کر دیتا ہے۔ مثلًا نبی نے آیت حُرِّمَتۡ عَلَیۡکُمُ الۡمَیۡتَۃُ (المائدہ۔۳) الخ پڑھ کر سنائی ، شیطان نے شبہ ڈالا کہ دیکھو اپنا مارا ہوا تو حلال اور اللہ کا مارا ہوا حرام کہتے ہیں۔ یا آپ نے اِنَّکُمۡ وَ مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ حَصَبُ جَہَنَّمَ (الانبیاء۔۹۸) پڑھا ۔اس نے شبہ ڈالا کہ مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ میں حضرت مسیح و عزیر اور ملائکۃ اللہ بھی شامل ہیں۔ یا آپ نےحضرت مسیح کے متعلق پڑھا کَلِمَتُہٗ ۚ اَلۡقٰہَاۤ اِلٰی مَرۡیَمَ وَ رُوۡحٌ مِّنۡہُ (النساء۔۱۷۱) شیطان نے سمجھایا کہ اس سے حضرت مسیحؑ کی ابنیت و اولوہیت ثابت ہوتی ہے۔ اس القاء شیطان کے ابطال رد میں پیغمبر ﷺ اللہ تعالیٰ کی وہ آیات سناتے ہیں جو بالکل صاف اور محکم ہوں اور ایسی پکی باتیں بتلاتے ہیں جن کو سن کر شک و شبہ کی قطعًا گنجائش نہ رہے۔ آیات محکمات سے شیطانی شبہات کا علاج: گویا "متشابہات" کی ظاہری سطح کو لے کر شیطان جو اغواء کر تا ہے " آیات محکمات" اس کی جڑ کاٹ دیتی ہیں جنہیں سن کر تمام شکوک و شبہات ایک دم کافور ہو جاتے ہیں۔ یہ دو قسم کی آیتیں کیوں اتاری جاتی ہیں؟ شیطان کو اتنی وسوسہ اندازی اور تصرف کا موقع کیوں دیا جاتا ہے؟ اور آیات کا جو احکام بعد کو کیا جاتا ہے ابتداء ہی سے کیوں نہیں کر دیا جاتا؟ یہ سب امور حق تعالیٰ کی غیر محدود علم و حکمت سے ناشی ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ نے اس دنیا کو علمًا و عملًا دارامتحان بنایا ہے ۔ چنانچہ اس قسم کی کارروائی میں بندوں کی جانچ ہے کہ کون شخص اپنے دل کی بیماری یا سختی کی وجہ سے پادر ہوا شکوک و شبہات کی دلدل میں پھنس کر رہ جاتا ہے اور کون سمجھدار آدمی اپنے علم و تحقیق کی قوت سے ایمان و اخبات کے مقام بلند پر پہنچ کر دم لیتا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ آدمی نیک نیتی اور ایمانداری سے سمجھنا چاہے تو اللہ تعالیٰ دستگیری فرما کر اس کو سیدھی راہ پر قائم فرما دیتے ہیں ۔ رہے منکریں و مشککین ان کو قیامت تک اطمینان حاصل نہیں ہو سکتا ہر چہ گیرد علتی علت شود۔ ہماری اس تقریر میں دور تک کئ آیتوں کا مطلب بیان ہو گا۔ سمجھدار آدمی اس کے اجزا کو آیات کے اجزاء پر بے تکلف منطبق کر سکتا ہے۔ یہ آیات جیسا کہ ہم نے سورہ " آل عمران" کے شروع میں بیان کیا تھا۔ ہُوَ الَّذِیۡۤ اَنۡزَلَ عَلَیۡکَ الۡکِتٰبَ مِنۡہُ اٰیٰتٌ مُّحۡکَمٰتٌ (آل عمران۔۷) الخ سے بہت مشابہ ہیں۔ چنانچہ اِلَّاۤ اِذَا تَمَنّٰۤی اَلۡقَی الشَّیۡطٰنُ فِیۡۤ اُمۡنِیَّتِہ میں "متشابہات" کا اور ثُمَّ یُحۡکِمُ اللّٰہُ اٰیٰتِہٖ میں "محکمات" کا ذکر ہوا ۔ اور لِّیَجۡعَلَ مَا یُلۡقِی الشَّیۡطٰنُ فِتۡنَۃً الخ میں زائغین کی دو قسمیں مذکور ہوئیں۔ جن میں لِّلَّذِیۡنَ فِیۡ قُلُوۡبِہِمۡ مَّرَضٌ کا کام ابتغاء تاویل ، اور الۡقَاسِیَۃِ قُلُوۡبُہُمۡ کی غرض ابتغاء فتنہ ہے آگے لِیَعۡلَمَ الَّذِیۡنَ اُوۡتُوا الۡعِلۡمَ الخ کو آیۃ وَ الرّٰسِخُوۡنَ فِی الۡعِلۡمِ یَقُوۡلُوۡنَ (آل عمران۔۷) الخ کی جگہ سمجھو اور وہاں جو دعا رَبَّنَا لَا تُزِغۡ قُلُوۡبَنَا بَعۡدَ اِذۡ ہَدَیۡتَنَا (آل عمران۔۸) سے کی تھی یہاں اس کی اجابت کا ذکر اِنَّ اللّٰہَ لَہَادِ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِلٰی صِرَاطٍ مُّسۡتَقِیۡمٍ میں کیا گیا۔ اور رَبَّنَاۤ اِنَّکَ جَامِعُ النَّاسِ لِیَوۡمٍ لَّا رَیۡبَ فِیۡہِ (آل عمران۔۹) کے مناسب۔ یَحۡکُمُ بَیۡنَہُمۡ الی قولہ ۔ یَحۡکُمُ بَیۡنَہُمۡ ہوئی (تنبیہ) آیت حاضرہ کے تحت میں مفسرین نے جو قصہ "غرانیق" کا ذکر کیا ہے اس پر بحث کا یہاں موقع نہیں ۔ شاید سورہ نجم میں کچھ لکھنے کی نوبت آئے ۔ ہم نے شرح صحیح مسلم میں بہت بسط سے اس پر کلام کیا ہے۔ بہرحال آیت کا مطلب سلف کی تفیسر کے موافق بلکل صاف ہے گویا یہ تفصیل اس کی ہوئی جو اوپر وَ الَّذِیۡنَ سَعَوۡا فِیۡۤ اٰیٰتِنَا مُعٰجِزِیۡنَ میں ابطال آیات اللہ کی سعی کا ذکر تھا۔