مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مومنون آیت 50 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَجَعَلْنَا ٱبْنَ مَرْيَمَ وَأُمَّهُۥٓ ءَايَةً وَءَاوَيْنَـٰهُمَآ إِلَىٰ رَبْوَةٍ ذَاتِ قَرَارٍ وَمَعِينٍ ﴿٥٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

یعنی قدرت الہٰیہ کی نشانی ہے کہ تنہا ماں سے بدون باپ کے حضرت عیسٰیؑ کو پیدا کر دیا، جیسا کہ " آل عمران" اور سورۂ "مریم" میں اس کی تقریر کی جا چکی۔

حضرت عیسٰی علیہ السلام کی جائے پیدائش

شاید یہ وہی ٹیلہ یا اونچی زمین ہو جہاں وضع حمل کے وقت حضرت مریم تشریف رکھتی تھیں۔چنانچہ سورۂ مریم کی آیات فَنَادٰىہَا مِنۡ تَحۡتِہَاۤ اَلَّا تَحۡزَنِیۡ قَدۡ جَعَلَ رَبُّکِ تَحۡتَکِ سَرِیًّا۔ وَ ہُزِّیۡۤ اِلَیۡکِ بِجِذۡعِ النَّخۡلَۃِ تُسٰقِطۡ عَلَیۡکِ رُطَبًا جَنِیًّا (مریم۔۲۴،۲۵) دلالت کرتی ہیں کہ وہ جگہ بلند تھی۔ نیچے چشمہ یا نہر بہہ رہی تھی۔ اور کھجور کا درخت نزدیک تھا (کذا فسرہ ابن کثیرؒ) لیکن عمومًا مفسرین لکھتے ہیں کہ یہ حضرت مسیحؑ کے بچپن کا واقعہ ہے ۔ ایک ظالم بادشاہ ہیردوس نامی نجومیوں سے سن کر کہ حضرت عیسٰیؑ کو سرداری ملےگی ، لڑکپن ہی میں ان کا دشمن ہو گیا تھا اور قتل کے درپے تھا۔ حضرت مریم الہام ربانی سے ان کو لے کر مصر چلی گئیں اور اس ظالم کے مرنے کے بعد پھر شام واپس چلی آئیں۔ چنانچہ "انجیل متی" میں بھی یہ واقعہ مذکور ہے اور مصر کااونچا ہونا باعتبار رودنیل کے ہے ورنہ غرق ہو جاتا اور "ماءمعین" رودنیل ہے۔ بعض نے "رَبْوَۃ" (اونچی جگہ سے مردا شام یا فلسطین لیا ہے۔ اور کچھ بعید نہیں کہ جس ٹیلہ پر ولادت کے وقت موجود تھیں وہیں اس خطرہ کے وقت بھی پناہ دی گئ ہو۔ واللہ اعلم۔ رَبْوَۃ سے مراد کشمیر نہیں: بہرحال اہل اسلام میں کسی نے "رَبْوَۃ" سے مراد کشمیر نہیں لیا۔ نہ حضرت مسیحؑ کی قبرکشمیر میں بتلائی۔ البتہ ہمارے زمانہ کے بعض زائغین نے "رَبْوَۃ" سے مراد کشمیر لیا ہے اور وہیں حضرت عیسیٰؑ کی قبربتلائی جس کا کوئی ثبوت تاریخی حیثیت سے نہیں۔ محض کذب و دروغبافی ہے۔ محلہ "خان یار" شہر سری نگر میں جو قبر "یُوزآسف" کے نام سے مشہور ہے اور جس کی بابت "تاریخ اعظمی" کے مصنف نے محض عام افواہ نقل کی ہے کہ "لوگ اس کو کسی نبی کی قبر بتاتے ہیں وہ کوئی شہزادہ تھا اور دوسرے ملک سے یہاں آیا" اس کو حضرت عیسٰیؑ کی قبربتانا پرلے درجہ کی بے حیائی اور سفاہت ہے۔ ایسی اٹکل پچو قیاس آرائیوں سے حضرت مسیحؑ کی حیات کو باطل ٹھہرانا بجز خبط اور جنون کے کچھ نہیں۔ اگر اس قبر کی تحقیق مطلوب ہو اور یہ کہ "یوزآسف" کون تھا جناب منشی حبیب اللہ صاحب امرتسری کا رسالہ دیکھو جو خاص اسی موضوع پر نہایت تحقیق اور تدفیق سے لکھا گیا ہے اور جس میں اس مہمل خیال کی دھجیاں بکھیر دی گئ ہیں۔ فجزاہ اللہ تعالیٰ عناوعن سائر المسلمین احسن الجزاء۔