یعنی سچی بات بری لگتی ہے تو لگنے دو۔ سچائی ان کی خوشی اور خواہش کے تابع نہیں ہو سکتی اگر سچا خدا ان کی خوشی اور خواہش ہی پر چلا کرے تو وہ خدا ہی کہاں رہے۔ معاذ اللہ بندوں کے ہاتھ میں ایک کٹ پتلی بن جائے۔ ایسی صورت میں زمین و آسمان کے یہ محکم انتظامات کیونکر قائم رہ سکتے ہیں۔ اگر ایک چھوٹے سے گاؤں کا انتظام محض لوگوں کی خواہشات کے تابع کر دیا جائے، وہ بھی چار دن قائم نہیں رہ سکتا چہ جائیکہ زمین و آسمان کی حکومت۔ کیونکہ عام خواہشات نظام عقلی کے مزاحم اور باہم دیگر بھی متناقض واقع ہوئی ہیں۔ عقل و ہوٰی کی کشمکش اوراہوائے مختلفہ کی لڑائی میں سارے انتظامات درہم برہم ہو جائیں گے۔
جس کی و تمنا کیا کرتے تھے لَوۡ اَنَّ عِنۡدَنَا ذِکۡرًا مِّنَ الۡاَوَّلِیۡنَ ۔ لَکُنَّا عِبَادَ اللّٰہِ الۡمُخۡلَصِیۡنَ (صافات۔۱۶۸،۱۶۹)
جب آ گئ اور ایسی آئی جس سے اُن کو قومی حیثیت سے عظیم الشان فخر و شرف حاصل ہوا، تو اب منہ پھیرتے اور ایسے اعلٰی فضل و شرف کو ہاتھ سے گنوا رہے ہیں۔