چیونٹیوں کی بستی پر حضرت سلیمان علیہ السلام کا گذر
یعنی سلیمانؑ کا اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ ایسے میدان کی طرف گذر ہوا جہاں چیونٹیوں کی بڑی بھاری بستی تھی (تنبیہ) جہاں چیونٹیاں مل کر خاص سلیقہ سے اپنا گھر بناتی ہیں اسے زبان عرب میں "قریۃ النمل" کہتے ہیں (چیونٹیوں کی بستی)۔ مفسرین نے مختلف بلاد میں کئی ایسی وادیوں کا پتہ بتلایا ہے جہاں چیونٹیوں کی بستیاں بکثرت تھیں، ان میں سے کسی ایک پر حسب اتفاق حضرت سلیمانؑ کا گذر ہوا۔
ایک چیونٹی کی بات
یعنی یہ ایسے تو نہیں جو جان بوجھ کر تم کو ہلاک کریں، ہاں ممکن ہے بے خبری میں پس جاؤ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "چیونٹی کی آواز کوئی (آدمی) نہیں سنتا، (سلیمانؑ) کو معلوم ہو گئ" یہ ان کا معجزہ ہوا۔ (تنبیہ)۔ چیونٹیوں کی منظم زندگی: علمائے حیوانات نے سالہاسال جو تجربے کئے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حقیر ترین جانور اپنی حیات اجتماعی اور نظام سیاسی میں بہت ہی عجیب اور شئون بشریہ سے قریب واقع ہوا ہے۔ آدمیوں کی طرح چیونٹیوں کے خاندان اور قبائل ہیں۔ ان میں تعاون باہمی کا جذبہ، تقسیم عمل کا اصول، اور نظام حکومت کے ادارات نوع انسانی کے مشابہ پائے جاتے ہیں۔ محققین یورپ نے مدتوں ان اطراف میں قیام کر کے جہاں چیونٹیوں کی بستیاں بکثرت ہیں، بہت قیمتی معلومات بہم پہنچائی ہیں۔ افسوس ہے ان مختصرفوائد میں ان کی گنجائش نہیں۔ محض مقام کی مناسبت سے "دائرۃ المعارف المصریہ" کے آخری جملے نقل کرتا ہوں فمتٰی دَاھَمَ عَدَوٌّ قَرْیَۃً للِنَّمَلِ اختَفَتْ الْعَمَلَۃُ وَخَرَجَتِ الْجُنُوْدُ للقِتَالَ وَ النِّضَالِ فَیَخْرَجُ اَوَّلَا وَاحِدٌ مِنْھَا لِلْاسْتِطلَاعِ ثُمَّ یَعُوْدُ مُجْزًا بِمَاوَأی وَبَعْدَ ھُنَیْہَۃٍ تَخْرُجُ ثلاثَۃٌ اَوْ اَرْبَعَۃٌ یَتْبَعُھَا عَدَدٌ کَثِیْفٌ مِنَ الْجُیُوْشِ بادِیَۃً عَلَیْھِمْ عَلَائِمُ الْحنَقِ فَتَلَدَغُ کُلَّ مَا صَادَفَتْہُ وَلَا تَفْلَتُ مِنَ تَلْدَغُہٗ وَلَوْ قَطَعَتْ اربًا اربًا۔ فَاِذَا اِنتَہَی القِتَال رَجَعَ الفَعَلَۃُ فَاَعَادُوْا بِنَاءَ مَاتَھَدَّمَ یَتَخَللھَا عَدَدٌ مِنَ الْجُنُودِ لِلْحراسَۃِ لَا لِلْعَمَلِ خط کشیدہ جملوں میں بتلایا ہے کہ خطرہ کی آہٹ پا کر اول ایک چیونٹی باہر نکلتی ہے اور واپس جا کر اپنی قوم کو اپنی معلومات سے آگاہ کرتی ہے۔ باقی سلیمانؑ کا پتہ لگا لینا اور سلیمانؑ کا اسکی بات پر مطلع ہو جانا بطریق خرق عادت تھا۔