یعنی پانی میں گھسنے کے لئے پائنچے چڑھا لئے جیسے عام قاعدہ ہے کہ پانی کی گہرائی پوری طرح پر معلوم نہ ہو تو گھسنے والا شروع میں پائنچے چڑھا لیتا ہے۔
حضرت بلقیس کا ایک اور امتحان
حضرت سلیمانؑ دیوان خانہ میں بیٹھے تھے۔ اس میں پتھروں کی جگہ شیشے کا فرش تھا۔ صاف شیشہ دور سے نطر آتا کہ پانی لہرا رہا ہے۔ اور ممکن ہے شیشہ کے نیچے واقعی پانی ہو، یعنی حوض کو شیشہ سے پاٹ دیا ہو اس نے پانی میں گھسنے کے لئے پنڈلیاں کھولیں۔ سلیمانؑ نے پکارا کہ یہ شیشہ کا فرش ہے، پانی نہیں۔ اس کو اپنی عقل کا قصور اور ان کی عقل کا کمال معلوم ہوا۔ سمجھی کہ دین میں بھی جو یہ سمجھیں وہ ہی صحیح ہو گا۔ اور یہ بھی پتہ لگ گیا کہ جس سازوسامان پر اس کی قوم کو ناز تھا، یہاں اس سے بڑھ کر سامان موجود ہے۔ گویا سلیمانؑ نے اس کو متنبہ فرما دیا کہ آفتاب و ستاروں کی چمک پر مفتوں ہو کر انہیں خدا سمجھ لینا ایسا ہی دھوکہ ہے جیسے آدمی شیشہ کی چمک دیکھ کر پانی گمان کر لے۔
حضرت بلقیس کی شرک سے توبہ
یعنی اے پروردگار! میں تیری حکم بردار ہو کر سلیمانؑ کا راستہ اختیار کرتی ہوں، اب تک میں نے اپنی جان پر بڑا ظلم کیا کہ شرک و کفر میں مبتلا رہی، اب اس سے تائب ہو کر تیری بارگاہ ربوبیت کی طرف رجوع کرتی ہوں۔