یعنی جو آدمی یا جانور جہاز پر سوار تھے ان کو نوحؑ کی معیت میں ہم نے محفوظ رکھا۔ سورہ "ہود" میں یہ قصہ مفصل گذر چکا۔
کشتی نوح علیہ السلام نشان عبرت ہے
کہتے ہیں حضرت نوحؑ کا جہاز مدت دراز تک "جودی" پر لگا رہا۔ تا دیکھنے والوں کے لئے عبرت ہو اور اب جو جہاز اور کشتیاں موجود ہیں یہ بھی ایک نشانی ہے جسے دیکھ کر سفینہ نوحؑ کی یاد تازہ ہوتی اور قدرت الہٰی کا نمونہ نظر آتا ہے۔ یا شاید یہ مراد ہو کہ کشتی کے اس قصہ کو ہم نے ہمیشہ کے لئے نشان عبرت بنا دیا۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "جس وقت یہ سورہ اتری ہے۔ حضرت کے بہت سے اصحاب کافروں کی ایذاؤں سے تنگ آ کرجہاز پر سوار ہو کر ملک حبشہ کی طرف گئے تھے جب حضرت مدینہ ہجرت کر آئے تب وہ جہاز والے صحابہ بھی سلامتی سے آ ملے" (موضح بتغییریسیر) گویا نوحؑ و سفینہ نوحؑ کی تاریخ اس رنگ میں دہرائی گئ۔