یہود و نصاریٰ کی طرح اختلاف میں نہ پڑو
یعنی یہود و نصاریٰ کی طرح مت بنو جو خدا تعالیٰ کے صاف احکام پہنچنے کے بعد محض اوہام واہواء کی پیروی کر کے اصول شرع میں متفرق اور فروع میں مختلف ہو گئے ۔ آخر فرقہ بندیوں نے ان کے مذہب و قومیت کو تباہ کر ڈالا۔ اور سب کے سب عذاب الہٰی کے نیچے آ گئے۔ (تنبیہ) اس آیت سے ان اختلافات اور فرقہ بندیوں کا مذموم و مہلک ہونا معلوم ہوا جو شریعت کے صاف احکام پر مطلع ہونے کے بعد پیدا کئے جائیں افسوس ہے کہ آج مسلمان کہلانے والوں میں بھی سینکڑوں فرقے شریعت اسلامیہ کے صاف و صریح ار مسلم و محکم اصول سے الگ ہو کر اور ان میں اختلاف ڈال کر اس عذاب کے نیچے آئے ہوئے ہیں تاہم اسی طوفان بے تمیزی میں اللہ و رسول ﷺ کے وعدہ کے موافق ایک عظیم الشان جماعت بحمد اللہ خدا کی رسی کو مضبوط تھامے ہوئے۔ "ما انا علیہ واصحابی" کے مسلک پر قائم ہے اور تا قیام قیامت تک قائم رہے گی۔ باقی فروعی اختلافات جو صحابہؓ اور آئمہ مجتہدین میں ہوئے ہیں۔ ان کو آیت حاضرہ سے کوئی تعلق نہیں۔ اس فروعی اختلاف کے اسباب پر حضرت شاہ ولی اللہ قدس سرہٗ نے اپنی تصانیف میں کافی و شافی بحث کی ہے۔