مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ آلِ عمران آیت 110 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

كُنتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِٱلْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ ٱلْمُنكَرِ وَتُؤْمِنُونَ بِٱللَّهِ ۗ وَلَوْ ءَامَنَ أَهْلُ ٱلْكِتَـٰبِ لَكَانَ خَيْرًا لَّهُم ۚ مِّنْهُمُ ٱلْمُؤْمِنُونَ وَأَكْثَرُهُمُ ٱلْفَـٰسِقُونَ ﴿١١٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی امت سے سے بہتر امت ہے

گذشتہ رکوع کے شروع میں فرمایا تھا۔ یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ الخ درمیان میں اسی کے مناسب کچھ اوامر و نواہی اور وعد و وعید آ گئ، یہاں سے اسی اول مضمون کی تکمیل کی جاتی ہے یعنی اے مسلمانو! خدا تعالیٰ نے تم کو تمام امتوں میں بہتریں امت قرار دیا ہے۔ اس کے علم ازلی میں پہلے سے یہ ہی مقدر ہو چکا تھا۔ جس کی خبر بعض انبیائے سابقین کو بھی دیدی گئ تھی کہ جس طرح نبی آخرالزماں محمد رسول اللہ ﷺ تمام نبیوں سے افضل ہونگے آپ کی امت بھی جملہ امم و اقوام پر گوئے سبقت لی جائے گی۔ کیونکہ اس کو سب سے اشرف و اکرم پیغمبر نصیب ہو گا۔ ادوم و اکمل شریعت ملے گی۔ علوم و معارف کے دروازے اس پرکھول دیے جائیں گے۔ ایمان و عمل و تقویٰ کی تمام شاخیں اس کی محنت اور قربانیوں سے سرسبز و شاداب ہوں گی وہ کسی خاص قوم و نسب یا مخصوص ملک و اقلیم میں محصور نہ ہو گی بلکہ اس کا دائرہ عمل سارے عالم کو اور انسانی زندگی کے تمام شعبوں کو محیط ہوگا گویا اس کا وجود ہی اس لئے ہو گا کہ دوسروں کی خیر خواہی کرے۔ ا ور جہاں تک ممکن ہو۔ انہیں جنت کے دروازوں پر لا کر کھڑا کر دے۔ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ میں اسی طرف اشارہ ہے۔ (تنبیہ) اس سورت کے نویں رکوع میں وَ اِذۡ اَخَذَ اللّٰہُ مِیۡثَاقَ النَّبِیّٖنَ الخ سے نبی کریم ﷺ کی امامت و جامعیت کبریٰ کا بیان ہوا تھا۔ دسویں رکوع میں اِنَّ اَوَّلَ بَیۡتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیۡ بِبَکَّۃَ الخ سے امت کے قبلہ کی برتری دکھلائی گئ۔ گیارہویں رکوع میں وَ اعۡتَصِمُوۡا بِحَبۡلِ اللّٰہِ جَمِیۡعًا الخ سے اس امت کی کتاب و شریعت کی مضبوطی کا اظہار فرمایا۔ اب یہاں بارہویں رکوع کے آغاز سے خود امت مرحومہ کی فضیلت و عظمت کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

"منکر" (برے کاموں) میں کفر، شرک، بدعات، رسوم قبیحہ، فسق و فجور اور ہر قسم کی بد اخلاقی اور نا معقول باتیں شامل ہیں۔ ان سے روکنا بھی کئ طرح ہو گا۔ کبھی زبان سے، کبھی ہاتھ سے کبھی قلم سے، کبھی تلوار سے، غرض ہر قسم کا جہاد اس میں داخل ہو گیا یہ صفت جس قدر عموم و اہتمام سے امت محمدیہ میں پائی گئ، پہلی امتوں میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔

خیر الامہ کی ذمہ داریاں

اللہ پر ایمان لانے میں، اس کی توحید پر، اس کے رسولوں پر اور کتابوں پر ایمان لانا بھی داخل ہے اور سچ تو یہ ہے کہ توحید خالص و کامل کا اتنا شیوع و اہتمام کبھی کسی امت میں نہیں رہا جو بحمد اللہ اس امت میں رہا ہے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا جو شخص تم میں سے چاہتا ہے کہ اس امت (خیرالامم) میں شامل ہو چاہئے کہ اللہ کی شرط پوری کرے یعنی امر بالمعروف نہی عن المنکر اور ایمان باللہ، جس کا حاصل ہے خود درست ہو کر دوسروں کو درست کرنا۔ جو شان حضرات صحابہؓ کی تھی۔

یعنی اہل کتاب اگر ایمان لے آتے تو وہ بھی اس خیرالامم میں شامل ہو سکتے تھے۔ جس سے دنیا میں عزت بڑھتی اور آخرت میں دہرا اجر ملتا مگر افسوس ہے ان میں سے چند افراد کے سوا (مثلًا عبداللہ بن سلام یا نجاشی وغیرہ) کسی نے حق کو قبول نہ کیا باوجود وضوح حق کے نافرمانی ہی پر اڑے رہے۔