یہ آیتیں اہل کتاب میں سے خاص یہود کے متعلق معلوم ہوتی ہیں جیسا کہ سیاق کلام اور قرآن کی دوسری آیات سے ظاہر ہے، یعنی یہود پر ہمیشہ کے لئے ذلت کی مہر کر دی گئ۔ یہ بدبخت جہاں کہیں پائے جائیں، ذلت کا نقش ان سے محو نہیں ہو سکتا۔ بڑے بڑے کروڑ پتی یہود بھی آزادی و خودمختاری سے اپنے جان و مال کی حفاظت نہیں کر سکتے کیونکہ ان کی آزاد حکومت کسی جگہ نہیں "سوائے دستاویز اللہ کے " یعنی بعض بچی کھچی رسمیں تورات کی عمل میں لاتے ہیں اس کے طفیل سے پڑے ہیں اور "سوائے دستاویز لوگوں کے" یعنی کسی کی رعیت میں ہیں اس کی پناہ میں پڑے ہیں۔ (کذافی الموضح) بعض مفسرین نے "حبل من اللہ" و "حبل من الناس" سے اللہ کا ذمہ اور مسلمانوں کا عہد مراد لیا ہے۔ یعنی بجز اس کے کہ مسلمانوں سے عہد کر کے خدا کے ذمہ میں آ جائیں۔ بعض کہتے ہیں کہ "حبل من اللہ" سے مراد اسلام ہے۔ یعنی اسلام لا کر اس ذلت سے نکل سکتے ہیں یا معاہد بن کر، کیونکہ معاہدہ بھی جان و مال کی طرف سے مامون کر دیتا ہے۔ واللہ اعلم۔
یعنی نافرمانی کرتے کرتے حد سے نکل گئے۔ جس کا انتہائی اثر یہ تھا کہ اللہ کی صریح آیتوں کے انکار اور معصوم پیغمبروں کے قتل پر آمادہ ہو گئے۔ اسی مضمون کی آیت بقرہ پارہ "الٓم" میں گذر چکی ہے وہاں کے فوائد ملاحظہ کئے جائیں۔