کفار کا بغض و حسد
صالحین و متقین کے بالمقابل یہاں کافروں کا حال و انجام ذکر فرماتے ہیں پہلے فرمایا تھا وَ مَا یَفۡعَلُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلَنۡ یُّکۡفَرُوۡہُ یعنی مومنین کی ادنیٰ ترین نیکی بھی کام آئے گی۔ ان کے کسی بھلے کام کی بےقدری نہیں کی جائے گی۔ اس کے برخلاف کافر جو کچھ مال و قوت دنیا میں خرچ کرے، خواہ اپنے نزدیک بڑا ثواب اور خیرات کا کام سمجھ کر کرتا ہو، آخرت میں اس کی کوئی قدروقیمت اور پرسش نہیں۔ کیونکہ ایمان و معرفت صحیحہ کی روح نہ ہونے سے اس کا ہر ایک عمل بےجان اور مردہ ہے۔ اس کی جزاء بھی ایسی ہی فانی و زایل اس دار فانی میں مل ملا رہے گی۔ عمل کی ابدی حفاظت کرنے والی چیز ایمان و ایقان ہے اس کے بدون عمل کی مثال ایسی سمجھو جیسے کسی شریر ظالم نے کھیتی یا باغ لگایا اور اس کو برف پالے سے بچانے کا کوئی انتظام نہ کیا چند روز اس کی سر سبزی و شادابی کو دیکھ کر خوش ہوتا اور بہت کچھ امیدیں باندھتا رہا۔ یکا یک اس کی شرارت و بد بختی سے سرد ہوا چلی برف پالا اس قدر گرا کہ ایک دم میں ساری لہلہاتی کھیتی جلا کر رکھ دی آخر اپنی کلی تباہی و بربادی پر کف افسوس ملتا رہ گیا، نہ امیدیں پوری ہوئیں نہ احتیاج کے وقت اس کی پیداوار سے متنفع ہوا۔ اور چونکہ یہ تباہی ظلم و شرارت کی سزا تھی۔ اس لئے اس مصیبت پر کوئی اجر اخروی بھی نہ ملا۔ جیسا کہ مومنین کو ملتا ہے ۔ بعینہ یہ مثال ان کفار کی ہے جو کفر و شرک پر قائم رہتے ہوئے اپنے خیال میں بہت پن خیرات کرتے ہیں، باقی وہ بدبخت جن کا زوروقوت اور پیسہ حق اور اہل حق کی دشمنی یا فسق و فجور میں خرچ ہو تا ہو ان کا تو پوچھنا ہی کیا ہے۔ وہ نہ صرف بےکار خرچ کر رہے ہیں بلکہ روپیہ خرچ کر کے اپنے لئے اور زیادہ وبال خرید رہے ہیں ان سب کو یاد رکھنا چاہئے کہ مال ہو یا اولاد کوئی چیز عذاب الہٰی سے نہ بچا سکے گی اور نہ متقین کے مقابلہ پر وہ اپنی توقعات میں کامیاب ہوں گے ۔ (تنبیہ) "ریح" کا لفظ مفرد قرآن میں عمومًا عذاب کے موقع پر استعمال ہوا ہے۔ رِیۡحٌ فِیۡہَا عَذَابٌ اَلِیۡمٌ (الاحقاف۔۲۴) الخ وَ لَئِنۡ اَرۡسَلۡنَا رِیۡحًا (الروم۔۵۱) الخ اِنَّاۤ اَرۡسَلۡنَا عَلَیۡہِمۡ رِیۡحًا صَرۡصَرًا (القمر۔۱۹) اور رحمت کے موقع پر جمع کا لفظ "ریاح" لائے ہیں۔ یُّرۡسِلَ الرِّیَاحَ مُبَشِّرٰتٍ (الروم۔۵۶) وَ اَرۡسَلۡنَا الرِّیٰحَ لَوَاقِحَ (الحجر۔۲۲) یُرۡسِلُ الرِّیٰحَ بُشۡرًۢا (النمل۔۶۳) کذاذکرہ ابوحیان۔
یہ نہ سمجھا جائے کہ کافر کی کوئی نیکی قبول نہیں کی جاتی تو اس پر معاذ اللہ خدا کی طرف سے ظلم ہوا، نہیں ظلم تو انہوں نےاپنی جانو ں خود اپنے ہاتھوں سے کیا ہے۔ نہ کفر اختیار کرتے نہ یہ روز بد دیکھنا پڑتا۔