غزوہ بدر میں ملائکہ کا نزول
یعنی تین ہزار بیشک کافی ہیں ۔ تاہم اگر تم نےصبر واستقلال کا ثبوت دیا او رتقویٰ اختیار کر کے نافرمانی سے بچتے رہے اور کفار کی فوج ایک دم تم پر ٹوٹ پڑی تو تین ہزار کے بجائے پانچ ہزار فرشتے بھیجدیے جائیں گے جن کی خاص علامتیں ہوں گی اور ان کے گھوڑوں پر بھی خاص نشان ہو ں گے۔ چونکہ بدر میں کفار کی تعداد ایک ہزار تھی اولًا اس کے مناسب ایک ہزار فرشتوں کا وعدہ فرمایا جیسا کہ سورۂ انفال میں آئے گا۔ پھر مسلمانوں کی گھبراہٹ دور فرمانے کے لئے تعداد تگنی کر دی گئ۔ کیونکہ کفار کی تعداد مسلمانوں سے تگنی تھی۔ اس کے بعد شعبی کی روایت کے موافق جب مسلمانوں کو یہ خبر ملی کہ کرز بن جابر بڑی کمک لے کر مشرکین کی مدد کے لئے آ رہا ہے تو ایک جدید اظطراب پیدا ہو گیا، اس وقت مزید تسکین کے لئے وعدہ فرمایا کہ اگر تم صبر و تقویٰ سے کام لوگے تو ہم پانچ ہزار فرشتے تمہاری مدد کو بھیجدیں گے۔ اگر مشرکین کی کمک بالکل ناگہانی طور پر آ پہنچے۔ تب بھی فکر مت کرو۔ خدا تعالیٰ بروقت تمہاری مدد کرے گا۔ شاید پانچ ہزار کا عدد اس لئے رکھا ہو کہ لشکر کے پانچ حصے ہوتے تھے۔ ہر ایک حصہ کو ایک ایک ہزار کی کمک پہنچا دی جائے گی۔ چونکہ کرز بن جابر کی مدد مشرکین کو نہ پہنچی اس لئے بعض کہتے ہیں کہ پانچ ہزار کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ کیونکہ وہ یَاۡتُوۡکُمۡ مِّنۡ فَوۡرِہِمۡ ہٰذَا (آل عمران۔۱۲۵) پر معلق تھا اور بعض کا قول ہے کہ پانچ ہزار فرشتے نازل ہوئے۔ واللہ اعلم ۔ اس کا مزید بیان "انفال" میں دیکھو۔