مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ آلِ عمران آیت 128 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

لَيْسَ لَكَ مِنَ ٱلْأَمْرِ شَىْءٌ أَوْ يَتُوبَ عَلَيْهِمْ أَوْ يُعَذِّبَهُمْ فَإِنَّهُمْ ظَـٰلِمُونَ ﴿١٢٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

غزوہ احد کا تفصیلی بیان

"اُحد" میں ستر صحابہ شہید ہوئے تھے جن میں حضور ﷺ کے چچا سید الشہداء حضرت حمزہؓ بھی تھے، مشرکین نے نہایت وحشیانہ طور پر شہداء کا مثلہ کیا ( ناک کان وغیرہ کاٹے) پیٹ چاک کئے حتٰی کہ حضرت حمزہؓ کا جگر نکال کر ہندہ نے چبایا۔ مفصل واقعہ آگے آئے گا۔ خلاصہ یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کو بھی اس لڑائی میں چشم زخم پہنچا۔ سامنے کے چار دانتوں میں سے نیچے کا دانت شہید ہوا خود کی کڑیاں ٹوٹ کر رخسار مبارک میں گھس گئیں پیشانی زخمی ہوئی اور بدن مبارک لہولہان تھا۔ اسی حالت میں آپ کا پاؤں لڑکھڑایا اور زمین پر گر کر بےہوش ہو گئے۔ کفار نے مشہور کر دیا اِنَّ محمدًا قد قُتِلَ (محمد ﷺ مارے گئے) اس سے مجمع بدحواس ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد آپ کو ہوش آیا۔ اس وقت زبان مبارک سے نکلا کہ "وہ قوم کیوں کر فلاح پائے گی جس نے اپنے نبی کا چہرہ زخمی کیا جو ان کو خدا کی طرف بلاتا تھا"۔ مشرکین کے وحشیانہ شدائد و مظالم کو دیکھ کر آپ سے رہا نہ گیا اور ان میں سے چند نامور اشخاص کے حق میں آپ نے بد دعا کا ارادہ کیا یا شروع کر دی جس میں ظاہر ہے۔ آپ ہر طرح حق بجانب تھے مگر حق تعالیٰ کو منظور تھا کہ آپ اپنے منصب جلیل کے موافق اس سے بھی بلند مقام پر کھڑے ہوں۔ وہ ظلم کرتے جائیں، آپ خاموش رہیں۔ جتنی بات کا آپ کو حکم ہے (مثلًا دعوت و تبلیغ اور جہاد وغیرہ) اسے انجام دیتے رہیں۔ باقی ان کا انجام خدا کے حوالے کر دیں۔ اس کی جو حکمت ہو گی کر ے گا آپ کی بددعا سے وہ ہلاک کر دیئے جائیں، کیا اس کی جگہ یہ بہتر نہیں کہ ان ہی دشمنوں کو اسلام کا محافظ اور آپ کا جاں نثار بنا دیا جائے؟ چنانچہ جن لوگوں کے حق میں آپ بد دعا کرتے تھے چند روز کے بعد سب کو خدا تعالیٰ نے آپ کے قدموں پر لا ڈالا اور اسلام کا جانباز سپاہی بنا دیا غرض لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِشَیْءٌ میں آنحضرت ﷺ کو متنبہ فرمایا کہ بندہ کو اختیار نہیں نہ اس کا علم محیط ہے، اللہ تعالیٰ جو چاہے سو کرے۔ اگر چہ کافر تمہارے دشمن ہیں اور ظلم پر ہیں، لیکن چاہے وہ ان کو ہدایت دے چاہے عذاب کرے تم اپنی طرف سے بددعا نہ کرو۔ بعض روایات سے ان آیات کی شان نزول کچھ اور معلوم ہوتی ہے۔ یہاں تفصیل کی گنجائش نہیں فتح الباری میں کئ جگہ اس پر شافی کلام کیا ہے۔ فلیر اجع۔